ھفتہ, 23 نومبر 2024


ایچ ای سی کی جانب سے سوشل سائنسز کی ترویج کیلئےرقم کی فراہمی

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) اعلٰی تعلیمی کمیشن نے تھیمیٹک ریسرچ گرانٹ پروگرام، جو کہ ملک میں خصوصاََ عصری مسائل کے حل اور سوشل سائنسز کی ترقی کی خاطر شروع کیا گیا، کے تحت سال 2015-16 کے لئے سفارشات طلب کر لی ہیں۔سوشل سائنسز ماہرین اور محققین جو مفروضاتی، نظریاتی اور عملیاتی پس منظر رکھتے ہوں کی اس گرانٹ کے حصول کے لئے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

 

اس گرانٹ کے حصول کے لئے سرکاری و غیر سرکاری جامعات کے کُل وقتی اساتذہ مختلف موضوعات بشمول سیاسیات، دستور، طرز حکمرانی، قومی سلامتی، خارجہ پالیسی، سماج اور تہذیب، اقتصادیات، تعلیمی پالیسی، لیڈرشپ، تاریخ، آثار قدیمہ، ذرائع ابلاغ، ادب اور زبان، پر اپنی سفارشات پیش کر سکتے ہیں۔ مذکورہ پروگرام کے تحت منظور ہونے والے ہر منصوبے پر عمل درآمد کے لئے ایچ ای سی کی جانب سے زیادہ سے زیادہ دس لاکھ روپے کی خطیر رقم فراہم کی جائیگی۔ 

 

اس پروگرام کے تحت قبل از ایں 15منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 25 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ توقع ہے کہ 30-40 تک نئے منصوبوں کے لئے بھی رواں سال فنڈنگ مہیا کی جائیگی۔ اعلٰی تعلیمی کمیشن سوشل سائنسز کی اہمیت پر بہت زور دیتا ہے اور متذکرہ گرانٹ کا مقصد نا صرف سوشل سائنسز کی ترویج ہے بلکہ اس پروگرام کے تحت سوشل سائنس کے ماہرین کو پاکستانی معاشرے کے نازک مسائل اور ان کے حل پر تحقیق کرنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment