ایمزٹی وی (تعلیم) ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے بورڈ کی سماعت گاہ میں ہونے والی سیرت کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہی کہ سرور کائنات کی حیات طیبہ ہر عہد کا نصاب ہے۔ ختمی مرتبت کی سیرت قرآن پاک کی عملی تصویر بھی ہے اور تفسیر بھی۔ اس موقع پر ان کامزید کہنا تھا کہ عجز و انکساری کے پیکر کی حیثیت سے نبی اکرم نے ہم سب کے لئے زندگی گزارنے کا انداز بتایا حالانکہ خداوند قدوس نے آپ کا ذکر بلند فرما کر آپ کی ذات کو وجہ وجود کائنات بنایا۔ اس موقع پر ناظم امتحانات ہدایت اللہ انصاری، سید محمد علی شائق، سید جاوید عباس زیدی، سید توقیر شاہ، عبدالوہاب لاکھو، امین عبدالعلی، ایم اے جعفری اور دیگر افسران کے علاوہ بورڈ کے ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔تلاوت کلام پاک حافظ محمد انصر نے اور نعت خواں راشد اعظم، شاہ ر خ قادری ، محسن علی قادری نے نذرانہ ہائے عقیدت پیش کیا جبکہ ملک کے معروف عالم دین مولانا محمد اکبر درس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریر کرتے ہوئے اسوہ¿ حسنہ کے مختلف گوشوں کو موضوع بنایا اور بورڈ کے تحت ہونے والی سیرت کانفرنس کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ سیرت کانفرنس کے اختتام پر بورڈ کی جانب سے حج مبارک کے لئے قرعہ اندازی ہوئی جس میں چار خوش نصیبوں کے نام یہ اعزاز نکلا جن میں محمد ضیاءالحق، نور محمد پیرزادہ، اخلاق عباسی اور ناہید اسلم شامل ہیں۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر فہیم دانش نے ادا کئے۔