ایمزٹی وی(تعلیم) ملالہ یوسفزئی کو ان کی کتاب کی مد میں 15 کروڑ روپے سے زائد کی رقم کی ادائیگی کی گئی ہے۔ نوبیل انعام یافتہ پاکستانی لڑکی ملالہ یوسفزئی اب اپنی کتاب کی رقم اور تقاریر کے معاوضے سے کروڑ پتی بن چکی ہیں اور ان کی کتاب ’’آئی ایم ملالہ‘‘ کی لاکھوں کاپیوں کی فروخت سے انہیں 11 لاکھ برطانوی پاؤنڈ آمدنی ہوئی ہے جو ٹیکس ادائیگی کے بغیر ہے جب کہ یہ رقم پاکستانی روپوں میں 15 کروڑ سے زائد بنتی ہے۔ 4 سال قبل سوات میں قاتلانہ حملے کا شکار ہونے والی 18 ملالہ یوسفزئی اس وقت برطانیہ میں مقیم اور ایجبیسٹن ہائی اسکول میں زیرِ تعلیم ہیں۔ ان کے اہلِ خانہ سالارزئی لمیٹڈ کمپنی کے حصص میں شریک ہیں اور گزشتہ اگست تک ان کے والدین کے اکاؤنٹ میں 22 لاکھ پاؤنڈ کے برابر رقم موجود تھی۔ تاہم اگلے سال ملالہ برطانیہ میں ٹیکس کی مد میں 2 لاکھ پاؤنڈ کی رقم ادا کریں گی۔ ملالہ کے خاندان کے مطابق ان کی کتاب کی آمدنی سے حاصل شدہ رقم سے 10 کروڑ روپے پہلے ہی عطیہ کیے جاچکے ہیں۔ اپنی خطابت کی صلاحیت کی بنا پر ملالہ یوسفزئی کو پوری دنیا سے تقاریر کے لیے بلایا جاتا ہے اور وہ ایک تقریر کے ایک لاکھ 14 ہزار پاؤنڈ لیتی ہیں جو ایک کروڑ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے 2013 میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ایک عالمی فنڈ بھی قائم کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملالہ یوسفزئی کو سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کی حمایت اور اس پر بلاگ لکھنے کے پاداش میں قاتلانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا تاہم زندگی اور موت کی کشمکش میں انہیں دماغی سرجری کے لیے برطانیہ منتقل کیا گیا تھا۔