Friday, 29 November 2024


اثاثہ جات کیس: عبدالعلیم خان 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

 

لاہور: احتساب عدالت نے عبدالعلیم خان کا 9 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب حکام کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو 15 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ نیب حکام نے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے علیم خان کے خلاف اثاثہ جات کیس کی سماعت کی۔ نیب کے وکیل وراث علی جنجوعہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عبدالعلیم خان 2003 میں ایم پی اے منتخب ہوئے اس دران انہوں نے 900 کنال پراپرٹی بنائی، 2003 میں عبدالعلیم خان نے ڈیرھ کروڑ روپے کا گھر خریدا۔ 2005 میں عبدالعیلم خان نے اپنی بیوی کے نام کمپنی بنائی، کمپنی میں بھاری رقم کی سرمایہ کاری کی۔ 2017 میں انہوں نے بیرون ملک فلیٹ خریدے، لہذا مزید تفتیش کے لیے علیم خان کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔نیب پراسیکیوٹر تفصیلی رپورٹ لیکر احتساب عدالت میں پیش ہوئے، جس میں کہا گیا کہ عبدالعلیم خان نے ہیکسم انویسٹمنٹ اوورسیز لمیٹڈ کمپنی یو کے میں بنائی، ہیکسم انویسٹمنٹ اوورسیز لمیٹڈ کمپنی میں 99 ہزار 52 پا ؤ نڈ کا حساب نہ ملا، علیم خان نے آر اینڈ آر انٹرنیشنل ایف زیڈ سی یو اے ای میں بنائی، انہوں نے جمیرا گاوں، ویلا اورنج لیک ویلا جمیراگالف دبئی میں اثاثے بنائے۔نیب نے کہا آف شور کمپنیوں کے پیسے کہاں سے آئے، عبدالعلیم خان جواب نہ دے سکے، پاکستان میں کئی انوسٹمنٹ کی گئی، مگر پیسے کہاں سے آئے جواب نہ دیا گیا، زمین کی خریداری کے لئے رقم کہاں سے آئی عبدالعلیم خان جواب نہ دے سکے، آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائدا ثاثوں پر مکمل شواہد احتساب عدالت پیش کر رہے ہیں۔عبدالعلیم خان کے وکیل نے نیب کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کمپنی کے 878 ملین کے اثاثہ جات ڈکلیئر کیے ہیں، تمام اثاثہ جات قانون کے مطابق ریکارڈ پر موجود ہیں، سیاست میں آنے کا مقصد یہ نہیں تھا کہ حکومتی پیسے سے سب کچھ بنایا، میرے دورے کے تمام سرکاری رقم ریکارڈ پر موجود ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے عدالت سے استدعا کی کہ میں کچھ کہنا چاہتا ہوں، جو کچھ کہوں گا حلفا کہوں گا۔ عدالتی اجازت پر علیم خان نیب کے خلاف پھٹ پڑے اور کہا 2002 سے کوئی شکایت نہیں آئی، اختیارات کا کوئی غلط استعمال نہیں ہوا، انہوں نے بس ایسے ہی کیس بنا دیا، یہ تمام چیزیں ٹیکس ریکارڈ میں بھی شامل ہیں، مجھے پیسے ورثے میں ملے ہیں، جو کچھ ریکارڈ ہے ہم نے خود دیا، نیب نے جب بلایا پیش ہوا، نیب نے کوئی ریکارڈ انگلینڈ یا یو اے ای سے نہیں منگوایا۔یاد رہے قومی احتساب بیورو نے پنجاب کے وزیر بلدیات علیم خان کو آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا جس پر سینئر صوبائی وزیر نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔ علیم خان کو گزشتہ روز نیب نے چوتھی بار طلب کیا تھا، نیب ٹیم نے 2 گھنٹے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد گرفتاری کیلئے چیئرمین نیب نے سپیکر پنجاب اسمبلی کوآگاہ کیا۔علیم خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنے ہاتھ سے لکھے استعفے میں کہا مجھے نیب حکام نے گرفتار کر لیا ہے لہذا میں فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں، مہربانی فرما کر میرا استعفیٰ قبول کیا جائے۔

 

Share this article

Leave a comment