Saturday, 30 November 2024

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) بولی وڈ اسٹار سلمان خان عموماً سوشل میڈیا کے ذریعے ہلکے پھلکے پیغامات یا فلموں کی تشہیر ہی کرتے ہیں۔ تاہم پاکستان کے شہر پشاور میں ایک اسکول پر شدت پسندوں کے حملے میں 130 سے زائد بچوں کی ہلاکت پر انکے سنجیدہ خیالات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اس واقعہ پر ٹوئٹر کے ذریعے کہا ' جہاد کا مطلب کوشش ہے۔ اچھا بننے کی کوشش۔ آج جہاد کا سب سے زیادہ غلط مطلب لیا جاتا ہے۔ لوگوں نے فساد کو جہاد بنا دیا۔ خواتین پوری طرح مردوں کے برابر ہیں اور انکے بھی مردوں جتنے حقوق ہیں۔ مذہب کے نام پر قتل کرنے والوں نے قرآن نہیں پڑھا۔ سلمان نے ٹوئیٹر پر اپنے تاثرات ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ اردن کی ملکہ رانیہ کی کچھ پوسٹس ری ٹوئیٹ بھی کیں۔ ملکہ کی ایک ٹوئیٹ میں کہا گیا تھا 'آخر کب تک معصوم بچے انتہا پسندی کی بھیانک قیمت ادا کرتے رہیں گے'۔ سانحہ پشاور کے کچھ دنوں بعد سلمان نے 19 دسمبر کو ٹوئیٹر پر لکھا تھا 'ایک معصوم کی جان بچانا پوری انسانیت بچانے جیسا ہے، اسی طرح ایک معصوم کی جان لینا پوری انسانیت کی جان لینے جیسا ہے۔ سب سے بڑا جرم ایک معصوم کی جان لینا ہے۔ حتی کہ جنگ کے دوران بھی آپ بچوں، عورتوں، بزرگوں، مذہبی مقامات اور زراعت کو نشانہ نہیں بنا سکتے۔ 'وہ ہم میں سے نہیں جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے محفوظ نہ ہوں' ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا ہے کہ ملا فضل اللہ جب بھی پاکستان سے بھاگا افغانستان گیا، سینیٹ کو بھی بتا چکے ہیں کہ افغان انٹیلی جنس کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی حمایت کر رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی کہتا رہا ہوں کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہے، سینیٹ کو پہلے ہی بریفنگ دی تھی کہ افغان انٹیلی جنس فقیر محمد اور فضل اللہ کو سپورٹ کررہی ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ فضل اللہ جب بھی بھاگا افغانستان ہی گیا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب کو دہشت گردوں سے خطرہ ہے، پہلے پنجابی طالبان کو کوئی نہیں مانتا تھا، آج وہ کھل کر بات کرتے ہیں، اچھی بات یہ ہے کہ پنجاب حکومت دہشتگردی کے خلاف ایکشن لے رہی ہے ۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسس میں بریت کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے سابق صدر کی جانب سے دونوں مقدمات میں بریت سے متعلق درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں کو طلب کر لیا ہے اور کیس کی مزید سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر د ہے ۔

ایمز ٹی وی (پشاور) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا کابینہ میں دو ہفتوں کے دور ان ردو بدل کا فیصلہ کیا ہےسانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد عمران خان نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی خود مانیٹر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق کچھ وزرا، مشیر اور معاونین کی کارکردگی کی شکایت پر عمران خان نے کابینہ میں ردوبدل کے علاوہ نئے لوگوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے، وہ ہفتے میں تین روز جمعہ، ہفتہ اور اتوار پشاور میں گزاریں گے۔

ایمزٹی وی (سیاسی) الطاف حسین کو لال مسجد کے خطیب کی مبینہ دھمکی کے خلاف کراچی اور کئی شہروں میں متحدہ قومی موومنٹ نے مظاہرے کیے، رہنماؤں نے خطاب میں کہا ہے کہ مولانا عبدالعزیز کو گرفتار کیا جائے، آرٹیکل سکس کے تحت سزا دی جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے لال مسجد کے خطیب کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ متحدہ کے رہنماؤں کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم امن پسند جماعت ہے، مولانا عبدالعزیز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف بیان پر عزیز آباد تھانے میں مولانا عبدالعزیز کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا۔ مقدمے میں مذہبی منافرت پھیلانے، سائبر کرائم اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ بعد میں کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی ریلی سے خطاب میں انچارج رابطہ کمیٹی قمر منصور کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم امن اور انصاف پسند جماعت ہے اور ہمارا عدالتوں اور انصاف پر یقین ہے۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، الطاف حسین کے کروڑوں چاہنے والے موجود ہیں۔ سینیٹر بابرغوری کا کہنا تھا کہ حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کیوں کہ یہ مسئلہ کمیٹی سے حل نہیں ہوگا۔ عوام کو دہشت گردی کے خلاف نکلنا ہوگا۔ اراکین سندھ اسمبلی فیصل سبزواری ، خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔

ایمزٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ جلد سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کریں گے، سابق کپتان نے کہا کہ کیوی ٹیم کے کھلاڑی بھی افسوس ناک سانحہ پر افسردہ تھے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز کی طرح سانحہ پشاور سے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی دکھ اور افسوس ہوا۔ انکا کہنا تھا کہ کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے پانچ میچز کی پرائز منی اور فاسٹ بالر ایڈم ملن نے ایک میچ کی پرائز منی ان کے حوالے کی ہے، جسے وہ جلد پشاور جاکر پاک فوج کے حوالے کریں گے۔ورلڈ کپ 2015 کے حوالے سے بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ انکی کوشش ہوگی کہ میگا ایونٹ میں پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پلان بنایا ہے جسکا اعلان بعد میں کریں گے۔

ایمزٹی وی   (کراچی) روسی نیوز ایجنسی Sputnik نے فیصل آباد میں پھانسی دیئے جانے والے اخلاص اخلاق روسی کے والد کے حوالے سے الزام لگایا کہ امریکا تفتیش کے لئے اخلاص کو پاکستان سے خریدنا چاہتا تھا لیکن جب اخلاص نے بتایا کہ وہ روسی شہری ہے تو امریکا پیچھے ہٹ گیا۔ اخلاص کے والد اخمند اخلاص نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی حکام اسکے بیٹے کو امریکا کے ہاتھ فروخت کرنا چاہتے تھے جب اس نے بتایا کہ وہ روسی ہے تو پھرانہوں نے نہیں خریدا۔ اخمند کا کہنا تھا کہ امریکا باقاعدگی سے پاکستان سے غیر ملکی قیدیوں کو خریدتا ہے۔ ان قیدیوں میں سے کچھ کو پولینڈ، بلغاریہ اور مصر میں رکھا گیا ہے اور کچھ پاکستانی قیدی بھی خریدے گئے جنہیں امریکا نے گوانتا ناموبے میں رکھا ہے۔ اخلاص کے والد کا کہنا تھا کہ امریکا نے کچھ قیدیوں کو تفتیش کے بعد قتل کردیا۔ رپورٹ کے مطابق اخمند کا کہنا تھا کہ اتوار کی صبح اسے ایک پولیس انسپکٹر نے آگاہ کیا کہ فوری فیصل آباد پہنچو اور اپنے بیٹے سے آخری ملاقات کر لو، اسے پھانسی دی جانے والی ہے۔ اخلاص روسی کو 2003ء میں پاکستان کے اس وقت کے صدر پرویز مشرف کو قتل کرنے کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ پھانسی پانے والے اخلاص کے والد کا کہنا ہے کہ اسکی لاش روس میں اسکے آبائی قصبے لائی جائے گی تاکہ اسکی والدہ اوربھائی اسکا چہرہ دیکھ سکیں اور روس میں اسے دفن کیا جائے گا۔ روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اسکی پھانسی کی تصدیق کردی ہے۔ اخلاص روسی شہر و ولگو گریڈ میں 1981 میں پیدا ہوا اسکے والد پاکستانی جبکہ ماں روسی شہری تھی ۔

ایمزٹی وی (تجارت) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم نواز شریف کو ملاقات میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی، جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وزیراعظم نواز شریف کو 15 ارب ڈالر زرمبادلہ کے بارے میں تفصیلات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ زرمبادلہ ذخائر میں دس ارب اسٹیٹ بینک کے پاس اور بقایا کمرشل بینکوں کے پاس ہیں۔ وزیر اعظم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور انکی ٹیم کو کامیابی پرمبارک باد بھی دی ۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک )  مراکش میں ریال میڈرڈ نے سین لورینزو کو دو گول سے شکست دیکر کلب ورلڈ کپ کا  ٹائٹل جیت لیا،مراکش میں کھیلا گیا فائنل انتہائی دلچسپ رہا ۔ ہزاروں افراد کی گنجائش والا اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا۔،پہلے ہاف میں اسکور ایک صفر رہا۔دوسرا ہاف کے شروع ہی میں ریال میڈرڈ نے دوسرا گول بھی داغ دیا ۔اس کے بعد سین لورینزو نے میچ میں واپسی کی بہت کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملی۔ریال میڈرڈ نے میچ دو صفر سے جیت کر پہلی بار کلب ورلڈ کپ ٹائٹل جیت لیا۔