Saturday, 30 November 2024

ایمزٹی وی (سیاسی) مظفر آباد میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا زیر تعمیر ستون گرنے سے 6 مزدور جاں بحق ہوگئے، جن میں تین چینی باشندے بھی شامل ہیں۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران کرین کے ذریعہ لوہے کا بنا ستون اوپر اٹھایا جارہا تھا کہ اچانک ستون کا ایک حصہ ٹوٹ کر نیچے گر گیا۔ ستون تلے دب کر چھ مزدور جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک چینی انجینئر اور 2 چینی مزدور بھی شامل ہیں۔ حادثے میں پانچ مزدور زخمی بھی ہوئے ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) یورپی یونین نے پاکستان میں پھانسیوں کی سزا پر عملدر آمد پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، یورپی یونین کا اس حوالے سے موقف ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے سزائے موت کوئی بہترعلاج نہیں، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں، تاہم پھانسیوں کے فیصلے پرعملدر آمد پر شدید تحفظات ہیں ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک غیرمعمولی صورت حال ہے، ہم نے کمزور اقدامات اٹھائے تو قوم قبول نہیں کرے گی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت قومی پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غیر معمولی صورت حال غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے، خوشی کی بات ہے کہ پشاور کے سانحہ پر تمام رہنما ایک ہی صفحے پر ہیں، جس طرح پشاور میں بچوں کو مارا گیا انسانی تاریخ میں ایسی مثال شاید ہی ہو۔ دہشت گردی کینسرجیسی بیماری ہے، جسکاعلاج نہ کیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی، یہ مرض نہیں ایک بڑی بیماری ہے جسکا علاج ہم سب نے ملکر کرنا ہے، قوم کی نظریں ہم پر لگی ہیں وہ دیکھ رہی ہے کہ ہم کیا فیصلے کرتے ہیں۔ لولے لنگڑے فیصلوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سخت فیصلے کرنے ہیں، ہمیں یہ فیصلے ان کے خلاف کرنے ہیں جو پاکستان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتے ہیں، میں تمام لوگوں کا مشکور ہوں کہ سب نے مسئلے کے حل کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی، سب نے ذمہ داری کا ثبوت دیا انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شرکا کی آمد کا خیرمقدم کرتا ہوں ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان میں عالمی ادارہ برائے خوراک ’ورلڈ فوڈ پروگرام‘ کی کنٹری ڈائریکٹر مس لولا کاسترو نے کہا ہے کہ خوراک کی رسائی پر ہرانسان کا بنیادی حق ہے اور عالمی ادارہ خوراک شمالی علاقوں اور فاٹا سے نقل مکانی کرنے والے سولہ لاکھ افراد کے لیےماہانہ مفت خوراک فراہم کررہا ہے، لیکن پے در پے قدرتی آفات اور پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عالمی اداروں کی جانب سے مزید تعاون بہت ضروری ہے۔اسکے ساتھ ساتھ یہ بھی اہم ہے کے قدرتی آفات اور دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے، انکی غذائی ضروریات کا خیال رکھا جائے اور انکے بچوں کی تعلیم کا بندوبست کیا جائے جس کے لیے عالمی امدادی اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ خوراک کی طرف سے آسڑیلیا، فرانس اور ناروے کے نمائندوں کو نوشہرہ میں واقع جلوزئی کیمپ اور سوات کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں جاری منصوبوں اور پروگراموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ورلڈ فوڈ پروگرام جلوزئی کیمپ اور پشاور کے مختلف علاقوں میں فاٹا سے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد میں مفت خوارک تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ سوات میں سیلاب اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر سرگرم عمل ہے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) ماہِ ربیع الاول 1436 کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔ ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔ کمیٹی کے چیئر مین مفتی منیب الرحمن اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں چاند نظر آنے یا نہ نظر آنے سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔ اسی دوران ذونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے صدر مقام پر ہوںگے۔ شہادتیں ملنے کے بعد مفتی منیب الرحمن چاند کی رویت سے متعلق اعلان کریںگے ۔

ایمزٹی وی(پشاور) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی سے مقابلے کا فیصلہ کرچکی ہے، پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے انکا کہنا ہے کہ پشاور سانحے کا پورے ملک پر اثر پڑا ہے، پولیس یہ اضافی بوجھ برداشت نہیں کرسکتی۔ انکا مزید کہنا ہے کہ پختونخوا میں 17لاکھ افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں جس سے صوبے پر دباؤ پڑرہا ہے، غیر قانونی طور پرسرحد عبور کرنے والے فاٹا اورصوبے بھر میں پھیل جاتے ہیں، طورخم سرحد پر آمد و رفت کو کنٹرول کیے بغیر دہشتگردی روکنا مشکل ہے، پولیس سے دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کی توقع نہیں ہونی چاہیے، اضافی بوجھ برداشت نہیں کرسکتی۔ ایف سی کے ذمے فاٹا اور صوبے کے درمیان بارڈر کی حفاظت کرنا تھی، ایف سی کو واپس اسکے کام پر لگایا جائے، 4 پختونخوا کی حکومت پر قبائلی علاقے میں جاری آپریشن کا دباؤ پڑرہا ہے ۔

ایمزٹی وی (تجارت) حکومت اور اپوزیشن سمیت دہشت گردی کیخلاف پوری قوم کے متحد ہوجانے سے اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کا بھی حوصلہ بلند ہوا ہے جسکے باعث آج اسٹاک مارکیٹ میں 550 سے زائد پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی ہے۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کا آغاز مثبت انداز سے ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران ایک مقام پر 100 انڈیکس 550 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 31 ہزار 572 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف سخت کاروائیوں اور پوری قوم کے یکجا ہوجانے سے سرمایہ کاروں میں ملکی حالات بہترہونے کی نئی امید جاگی ہے جس کے باعث انکی جانب سے آج توانائی، سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر میں زائد سرمایہ کاری دیکھی جارہی ہے ۔

ایمزٹی وی (فیصل آباد) دہشت گردی میں ملوث 4 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ فیصل آباد جیل انتظامیہ کو موصول ہو گئے، جیل کی انتظامیہ کے مطابق دہشت گردوں کو آج کسی بھی وقت پھانسی دی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد جیل میں نواز علی، غلام نبی، مشتاق احمد اورعبدالمالک کو پھانسی دی جائیگی ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) (لوئیس ویل) باکسنگ لیجنڈ محمد علی کو نمونیا کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ علی کے ایک ترجمان نے ہفتہ کی رات بتایا کہ انکی بیماری ابتداء میں ہی سامنے آ گئی جس کی وجہ سے ہسپتال میں انکا قیام مختصر مدت کا ہو گا۔ تین مرتبہ عالمی ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کرنے والے محمد علی طویل عرصہ سے پارکنسن بیماری میں مبتلا ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ علی کو آج صبح ہی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم انکی دیکھ بھال کر رہی ہے۔ انہیں معمولی نمونیا ہے اور صحت کو زیادہ خطرہ لاحق نہیں۔ علی کے اہل خانہ کی ایک درخواست پر ترجمان نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ 72 سالہ باکسر کون سے ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ محمد علی آخری مرتبہ رواں برس ستمبر میں اپنے آبائی شہر لوئیس ویل میں ایک تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ 1981 میں باکسنگ سے ریٹائر ہونے کے بعد علی نے اپنی زندگی فلاحی کاموں کے لیے وقف کر دی ہے ۔