پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اسکولوں کے طلبا کی ڈیجیٹل ویری فکیشن کا اعلان کر دیا۔
ویری فکیشن کا آغاز یکم دسمبر سے کیا جائے گا۔ پیف نے اسکولوں کو 31 اکتوبر تک طلبا کی تصاویر اپ لوڈ کرنے کا حکم دیدیا ۔
پیف حکام کا کہنا ہے کہ غیر تصدیق شدہ طلبا کے معاوضوں کی ادائیگی نہیں کی جائیگی۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے بیچ میگا ایونٹ کے فائنل میچ سے متعلق مختلف خبریں گردش کرنے لگیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان میں شیڈول 2025 چیمپئینز ٹرافی کے فائنل کیلئے اگر بھارتی ٹیم کوالیفائی کرتی ہے تو ایونٹ کا فائنل لاہور سے دبئی منتقل کیا جاسکتا ہے۔
اگلے برس 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک ہونے والے ٹورنامںٹ کے وینیوز کی تصدیق ہوچکی ہے تاہم شیڈول کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کیونکہ بھارتی بورڈ اور حکومت اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکاری ہیں۔
تاہم امید کی جارہی ہے کہ میگا ایونٹ میں بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی، گرین شرٹس نے سال 2008 میں آخری مرتبہ بھارت کی میزبانی کی تھی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو لاہور میں طے ہے تاہم دبئی بیک اپ وینیو کے طور پر کام کرسکتا ہے، جس سے ٹیموں، میچ آفیشلز، میڈیا اور شائقین کیلئے لاجسٹک چیلنجز پیدا ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی چیمپئیننر ٹرافی پاکستان میں منعقد کرنے کیلئے پرعزم ہیں جبکہ تین بڑے اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔واضح رہے کہ 1996 ورلڈکپ کی میزبانی کے بعد یہ دوسرا بڑا ایونٹ ہے جس کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہے، چیمپئینز ٹرافی کا آخری ایڈیشن پاکستان نے 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں اپنے نام کیا تھا اور ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا۔
اسٹاک ہوم: نوبل انعام برائے طبعیات (فزکس) 2024 حاصل کرنے والے سائنس دانوں کے نام کا اعلان کر دیا گیا۔
رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز کے اعلان کے مطابق رواں برس کا نوبل انعام آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی بنیادیں فراہم کرنے والے امریکی سائنس دان جان ہوپ فیلڈ اور برطانوی کینیڈین کمپیوٹر سائنٹسٹ جیفری ہِنٹن کو دیا گیا ہے۔ دونوں محققین نے ایسی مشین لرننگ تکنیک پر کام کیا جو بعد ازاں چیٹ جی پی ٹی جیسی پاور پروڈکٹ کی صورت اختیار کر گئیں۔
مشین لرننگ کے متعلق اپنی مہارت کے علاوہ یونیورسٹی آف ٹورونٹو سے تعلق رکھنے والے کمپیوٹر سائنس کے ایمریٹس پروفیسر جیفری ہِنٹن ان ٹیکنالوجیز کے خلاف مؤقف رکھنے کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں۔
گزشتہ برس وہ گوگل میں ایک دہائی تک خدمات انجام دینے کے بعد صرف اس لیے مستعفی ہوگئے تھےتاکہ وہ انسانیت کے وجود کو اس ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات کے متعلق آزادانہ طور پر خبردار کر سکیں۔
سوئیڈن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر جیفری کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ایسا ہوگا۔ وہ بہت حیران ہیں۔
اس نوبل انعام کا ان کی جانب سے دی جانے والی تنبیہ سے کوئی تعلق نہیں بلکہ دونوں محققین کو یہ انعام اس ٹیکنالوجی کی بنیادی دریافتوں اور ایجادات کی بِنا پر دیا گیا ہے جس کی مدد سے آرٹیفیشل نیورل نیٹورکس کے ساتھ مشین لرننگ ممکن بنی۔
چنئی: بھارتی فضائیہ کے ایئرشو کے دوران شدید گرمی کی وجہ سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیر صحت سبرامنین نے بتایا کہ ہجوم، حبس اور گرمی کے باعث 102 کے قریب افراد متاثر ہوئے تھے جن میں سے 93 کو فوری علاج کی ضرورت تھی۔
واقعے کی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ 15 لاکھ کا مجمع جمع ہو گیا تھا جب کہ مرینا بیچ میں اتنی گنجائش نہیں تھی۔ چھاؤں اور پانی کا انتظام نہیں تھا۔ زیادہ تر لوگ شو ختم ہونے کے بعد بے ہوش ہوئے۔
بی جے پی نے واقعے کی ذمہ داری ریاستی حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر اتنے بڑے پروگرام کے انتظام کی اہلیت نہیں تھی تو گریز کرنا چاہیے تھا۔ کسی کو عوام کی زندگی سے کھیلنے کی اجازت نہیں۔
ادھر تمل ناڈو کی ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعہ کی انکوائری مکمل کرلی ہے۔ ذمہ داروں کو سزائیں دی جائیں گی۔
لاہور: پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی اور اُن کی اہلیہ عروب جتوئی کواسلحے کی نمائش کرنا مہنگا پڑگیا۔
ڈل ٹاؤن آرگنائز کرائم یونٹ نے اسلحے کی نمائش پر ڈکی بھائی اور عروب جتوئی کو حراست میں لےلیا
ڈکی بھائی اور عروب جتوئی کے معافی نامے کے بعد دونوں یوٹیوبرز کو چھوڑ دیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن آرگنائز کرائم یونٹ نے اسلحے کی نمائش پر ڈکی بھائی اور عروب جتوئی کو حراست میں لیا تھا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گرلز کالجز کیلئے چیف منسٹر ٹرانسپورٹ پروگرام فار وویمن کا افتتاح کر دیا۔
پروگرام کے تحت 19 وویمن کالجز کو بسیں دے دی گئیں جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں مزید 57 کالجوں کوٹرانسپورٹ مل جائیگی۔
مریم نواز نے بسوں کا معائنہ کیا اور گرلز کالجز کے لئے ایئر کنڈیشنڈ بسوں کی فراہمی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا جس کے بعدبسوں کی چابیاں خواتین کالجز کے پرنسپلز کے حوالے کیں۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے تفصیلی بریفنگ میں بتایا پنجاب کے 76 کالجز کو تین مراحل میں بسیں فراہم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں ٹرانسپورٹ سے محروم 19 تحصیلوں کو بسیں دی گئی ہیں جن میں بھکر،سیالکوٹ، چنیوٹ، کمالیہ، حاصل پور،ملکوال، فیروز والا، شور کوٹ،جتوئی، فتح جنگ، حسن ابدال ،کوٹ مومن، جلال پور پیر والا، کلر سیداں،پنڈی گھیب، منچن آباد،شرقپور شامل ہیں ۔ دوسرے مرحلے میں نوشہرہ ورکاں، دینہ، یزمان، پنڈی بھٹیاں، لالیاں، بھوانہ، کوٹ ادو، ٹیکسلا، سرائے عالمگیر، پپلاں کے گرلز کالجز کو بسیں ملیں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا علامہ اقبال ٹاؤن لاہور، عیسیٰ خیل، رائے ونڈ اور سوہاوہ کے گرلز کالجز کو بھی فروری 2025 تک بسیں مل جائیں گی۔ مارچ اپریل 2025 تک مزید22بسیں اور 32 کوچز 35 تحصیلوں کو فراہم کردی جائینگی۔ وزیر اعلیٰ نے وویمن کالجز کی طالبات سے ملاقات کی،طالبات نے گلدستہ پیش کیا۔
کراچی: پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف اداکار مظہر علی انتقال کر گئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق اداکار مظہر علی دل کے عارضے میں مبتلا اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
اہل خانہ نے مظہر علی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد مغرب طیبہ مسجد ناظم آباد نمبر 3 میں ہوگی۔
اداکار مظہر علی نے اپنے کیرئیر کا آغاز ڈرامہ افشاں اور عروسہ، سے کیا، اس کے علاوہ انہوں نے پی ٹی وی کے ڈرامے گرہ اور ہالہ سمیت دیگر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔
پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری معمول بن گئی اور اکتوبر کا پہلا ہفتہ گزرنے پر بھی انٹرنیٹ کی اسپیڈ بہتر ہونے کا حکومتی دعویٰ پورا نہیں ہوسکا۔
انٹرنیٹ کی سست رفتاری پاکستانیوں کیلئے مسلسل پریشانی کا سبب بن گئی ہے، انٹرنیٹ یا تو بالکل نہیں چلتا یا بہت سلو چلتا ہے۔رواں سال فروری سے اب تک صارفین انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے مسئلے کا سامنا کررہے ہیں۔پی ٹی اے نے ایک ماہ پہلے انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی وجہ زیر سمندر کیبل کی خرابی کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کیبل کی خرابی اکتوبر کے آغاز میں ٹھیک کرلی جائے گی لیکن پچھلے 5،6 روز سے تو رہا سہا انٹرنیٹ بھی ختم ہوگیا۔
اس کے علاوہ موبائل سروس کوئی بھی ہو ڈیٹا کے ذریعے انٹرنیٹ کا استعمال صارفین کے لیے شدید اذیت کا باعث بنا ہوا ہے جب کہ صارفین کو انٹرنیٹ سلو ڈاؤن اور ایکس کی بندش کے معاملے پر عدالتوں سے بھی تاحال ریلیف نہیں مل سکا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی اے ذرائع نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہےکہ اکتوبر کے آخر تک انٹرنیٹ کی اسپیڈ بہتر ہوجائے گی۔
کراچی: حکام نےائیرپورٹ کے سگنل پر دھماکے میں 9 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد فارنزک کے لیے بھجوائے گئے ہیں اور دوران تحقیقات خاتون سمیت 9 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
حکام کا بتانا ہےکہ جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے جس کے بعد 6 مشکوک نمبرزکاڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے جب کہ حملہ آورکے پاس حملےکے وقت موبائل فون نہیں تھا۔
حکام کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا روٹ بھی مل گیا ہے، حملہ آور دھماکے سے قبل بھی ائیر پورٹ سگنل سےگزرا تھا۔
حکام کا مزید بتانا ہے کہ حملے میں متاثرہ 16 گاڑیوں کی مکمل تفصیلات حاصل کرلی ہیں، کرائم سین کو جلد کلیئر کردیا جائے گا مگر حملے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔
واضح رہےکہ 6 اکتوبر کی رات کراچی ائیرپورٹ کے قریب غیر ملکیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں دو چینی شہریوں سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔
سندھ ہائیکورٹ نے اردو فیڈرل یونیورسٹی کی فیس بڑھانے کیخلاف طلبہ کی درخواست پر تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ہائیکورٹ میں اردو فیڈرل یونیورسٹی کی فیس بڑھانے کے خلاف طلبہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عدالت نے حکم دیا کہ شعبہ قانون کی فیس اب 5 سالوں کیلئے صرف 15 ہزار بڑھائی جائے گی۔