چین کے وزیراعظم لی کیانگ تین روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے وہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر یہ دو طرفہ دورہ کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق چین کے وزیراعظم لی کیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر چینی ہم منصب دو طرفہ دورہ کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی وزیراعظم کے ہمراہ تجارت، نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے حکام، چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کو آپریشن ایجنسی کے وزرا سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی کیانگ اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔ اس موقع پر اقتصادی، تجارتی تعلقات اور سی پیک کے تحت تعاون پر بات کی جائے گی جب کہ دونوں فریقین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
چینی وزیراعظم صدر آصف علی زرداری، اعلیٰ عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
اس کے علاوہ چینی وزیراعظم لی کیانگ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کی جانب سے "آل ویدر اسٹریٹجک کو آپریٹو پارٹنر شپ” کی اہمیت کا اظہار ہے۔
لاہور: جنگ سے متاثر غزہ سے تعلق رکھنے والے میڈیکل کے 27 فلسطینی طلباء پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے حصول کے لئے قاہرہ سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔
قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پاکستانی سفارتخانے کے حکام اور الخدمت فاوٴنڈیشن کے نمائندوں نے فلسطینی طلباء کو لاہور روانہ کیا۔ غزہ کے طلباء کا یہ بیج ان 192 فلسطینی میڈیکل طلباء کا حصہ ہے جو پاکستان میں میڈیکل تعلیم جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر ان طلباء کو پاکستان کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں مکمل فنڈڈ پروگرام کے تحت تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام گلوبل ریلیف ٹرسٹ، ڈاکٹرز آف رحمان اور الخدمت فاوٴنڈیشن کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں بھی 16 اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ پیٹرول کی قیمت 3 روپے 95 پیسے تک بڑھ سکتی ہے۔
اوگرا 14 اکتوبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اپنی ورکنگ مکمل کرے گا اور آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کی سمری وزارت خزانہ کوارسال کرے گا۔ وزارت خزانہ 15 اکتوبرکو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 26 پیسے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ عالمی منڈی میں عرب لائٹ خام تیل کی قیمت 79.27 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ آئندہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے
ممبئی: بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کے قتل کے شبے گرفتار2 ملزمان کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق لارنس بشنوئی گروپ سے ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں قتل ہونے والے بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کے قتل کے شبے میں گرفتار 2 ملزمان کا کہنا ہے کہ وہ لارنس بشنوئی گروپ کے لیے کام کرتے ہیں۔ قتل سے پہلے کئی روز تک بابا صدیقی کی نگرانی کی گئی۔ لارنس بشنوئی گروپ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو متعدد بار قتل کرنے کی دھمکیاں دے چکا ہے۔
رپورٹ کے مطاابق لارنس بشنوئی یا دیگر ذرائع نے ملزمان کے بیان کی اب تک تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔میڈیا رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی نے کچھ عرصہ قبل بیان میں کہا تھا کہ اداکار سلمان خان کے دوستوں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔
جو بھی سلمان خان کا دوست ہے وہ ہمارے نشانے پر ہے۔سلمان خان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آچکا ہے۔ سلمان خان اور ان کے اہل خانہ واقعہ میں محفوظ رہے تھے جبکہ فائرنگ کرنے والے موٹرسائیکل سوار دو لڑکوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
راولپنڈی: پاک آرمی کی ٹیم نے برطانیہ میں ہونے والی کیمبرین پیٹرول 2024 کی مشق میں شرکت کی اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک آرمی کی ٹیم نے ویلز، برطانیہ میں کیمبرین پیٹرول مشق 2024 میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی ٹیم نے 4 سے 13 اکتوبر تک مشق میں شرکت کی جس میں 42 ممالک کی 128 ٹیموں نے حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ آرمی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا جو پوری قوم اور پاکستان آرمی کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 65 ویں مشق کیمبرین پیٹرول نےاپنے پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھا ہے، مقابلے میں 48گھنٹے میں 60کلومیٹر کافاصلہ طے کرتے ہوئے مخصوص ٹاسک مکمل کرنا تھے۔
کیلیفورنیا: ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نےاپنی روبو ٹیکسی رُونمائی کردی۔
روبو ٹیکسی کے متعلق ان کا دعویٰ ہے کہ یہ نجی ٹرانسپورٹ میں انقلاب برپا کر دے گی۔
جمعرات کے روز کیلیفورنیا میں منعقد ہونے والی ایک تقریبا میں ایلون مسک نے ٹیسلا سائبر کیب کے ساتھ ایک 20 سیٹر روبو ویب کا پروٹو ٹائپ بھی متعارف کرایا۔ دونوں گاڑیوں میں اسٹیئرنگ وہیل اور پیڈلز جیسے روایتی کنٹرولز موجود نہیں ہیں جو ان کو مکمل طور پر خودکار بناتے ہیں۔
ٹیسلا سربراہ نے حالیہ برسوں میں برقی کار ساز کمپنی کی خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی میں ہونے والی جدت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے ٹیسلا نے فُل سیلف ڈرائیونگ نامی آٹونومس سافٹ ویئر نو برس قبل بیچنا شروع کیے تھے لیکن اس کی کے قابلِ اعتبار ہونے پر شکوک ہیں۔ایلون مسک کا کہنا تھا کہ سائبر کیب 2026 سے قبل دستیاب نہیں ہوگی۔
افغانستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کے اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق افغانستان طالبان کی عدم شرکت کی وجہ افغانستان کا اس تنظیم کا رکن نہ ہونا تھا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کی میزبانی پاکستان کے حصے میں آئی اور اس نے بطور ایس سی او چیئر طالبان حکومت کی شرکت میں رکاوٹیں نہیں ڈالیں۔
افغانستان شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن تو نہیں البتہ 7 جون 2012 سے بطور آبزرور ریاست کے شامل ہے تاہم 2021 میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے غیر فعال ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم میں منگولیا بھی بطور آبزرور شامل ہیں جسے اجلاس میں کیا گیا ہے لیکن افغانستان کو دعوت نہیں دی گئی۔
تاحال طالبان حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ سابق افغان حکومتوں کے معاہدے کی اکثر شقوں کو تسلیم نہیں کیا اور جب تک طالبان ایسا نہ کرلیں ان کی شرکت ممکن نہیں۔
یاد رہے کہ 1992 سے چین، قازقستان، کرغیزستان، روس اور تاجکستان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور عسکری تعاون کا اتحاد شنگھائی فائیو کے نام سے قائم تھا۔
تاہم سنہ 2001 میں ازبکستان کے اس اتحاد میں شامل ہونے پر اس کا نام شنگھائی تعاون تنظیم رکھ دیا گیا۔ اس کے بعد 10 جولائی سنہ 2015 کو تنظیم میں بھارت اور پاکستان کو بھی شامل کیا گیا۔ بعد ازاں اس میں بیلاروس اور ایران بھی شامل ہوئے۔
عارضی اساتذہ کی بھرتی کے لیے درخواستوں کی سکروٹنی درد سر بن گیا۔
سرکاری کالجز کے سربراہان کو سکروٹنی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
دو لاکھ سے زائد درخواستوں کی سکروٹنی دو دن میں کرنا ممکن نہیں۔ کالج سربراہان کا کہنا ہے کہ بعض امیدواروں کی جانب سے ڈیٹا ہی درست اپ لوڈ نہیں کیا گیا ۔
اکثر کالجز کے سربراہان کمپیوٹر سکلز سے نابلد ہیں، کالج سربراہان نے درخواستوں کی سکروٹنی کے لیے تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو احتجاج ملتوی کرنے کا فیصلہ سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات پر مشروط کر دیا۔
گزشتہ رات پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جس کی صدارت بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کی۔
کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ 14 اکتوبر تک عمران خان سے ملاقات کی صورت میں احتجاج ملتوی کر دیں گے، سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق پریشانی لاحق ہے۔ ڈاکٹر، وکیل یا کسی بھی پارٹی رہنما کی ملاقات کرا دی گئی تو احتجاج ملتوی کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملاقات نہ کرائی گئی تو 15 اکتوبر کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
پارٹی کے بعض اراکین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے باعث احتجاج ملتوی کرنے کی تجویز دی جبکہ شہباز گل اور خالد خورشید سمیت دیگر اراکین نے احتجاج ملتوی کرنے کی مخالفت کی۔ پارٹی قیادت اور سینیئر رہنماوں نے احتجاج ملتوی کرنے کی تجویز دی۔
ارکان کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی حکومت کی سوچی سمجھی سازش ہے۔
لاہور: پیف پارٹنراسکولوں میں پہلی بار مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
جس کے بعد اسکولوں کو حاضری رجسڑ کی بنیاد پر فنڈز جاری ہونگے۔
انرولمنٹ کا ریکارڈ ڈیجٹل طریقہ سے آن لائن ایپ پر رکھا جائے گا،انرولمنٹ کو چیک کرنےکیلئےطلبا کا داخلہ فارم چیک کیا جائے گا،بچوں کی حاضری کم ہونے پر اخراج کا رجسٹرڈ بھی دیکھا جائے گا۔
پیف حکام کے مطابق اسکولوں میں عمارت اور فرنچر کی حالت زار کا بھی جائزہ لیا جائے گا،جبکہ بچوں کو فراہم کیجانے والی سہولیات کی بھی مانیٹرنگ ہوگی،فیک ریکارڈ پیش کرنے کی صورت میں متعلقہ سربراہان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔