ہائیر ایجوکیشن کمیشن ٹیم نے انٹر ڈیپارٹمنٹل کراٹے چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
ٹیم نے کل 18تمغے جیتے جن میں 1گولڈ، 6سلور اور 11برانز میڈل شامل ہیں۔
خواتین کیٹیگری میں نمرہ علی نےانفرادی کراٹے میں چاندی کا تمغہ جبکہ حافظہ اقرا انور، سمایا رفاقت اور عائرہ فیصل پر مشتمل ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت ہونے والی 3روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے نامور ماہرین تعلیم اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے۔
براعظم ایشیا کے اہم ممالک سمیت امریکا، یورپ، چین، کینیڈا،جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے نامور ماہرین تعلیم فاصلاتی نظام تعلیم کے مختلف موضوعات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی 3روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کی 37ویں تین روزہ سالانہ کانفرنس کی پری ورکشاپ آج ہو گی۔ کانفرنس کا افتتاحی سیشن کل منگل کو صبح 9بجے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہوگا، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، خالد مقبول صدیقی افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ 20ممالک سے 80انٹرنیشنل جبکہ 200سے زائد پاکستانی ماہرین تعلیم شرکت کریں گے۔
کراچی آرٹس کونسل میں منعقد ورلڈ کلچر فیسٹول میں تھر کی ثقافتی اشیاء توجہ کا مرکز بن گئیں۔
ہاتھ کے ہنر کے کاریگر اور تھر کار پیٹس اور ہینڈی کرافٹس کے شریک بانی غیور احمد سنگراسی نے کہاکہ ثقافت کو معاشی طور پر استعمال کرکے ملک کے لیے سرمایہ کمایا جا سکتا ہے بیروزگاری ختم کی جا سکتی ہے ، خواتین کو بااختیار کیا جا سکتا ہے ، تاریخ، تہذیب ثقافت میں نمایاں پہلو جو ہوتا ہے وہ ہے ہنر، کسی بھی قوم کی تاریخ ہو، اس کے لیے تاریخ، تہذیب ثقافت تو لازم ہے لیکن ان سب سے بھی ہنر اہم ہے ، ہنر کے بغیر کوئی بھی ثقافتی چیز، تاریخی چیز یا تہذیبی چیز نہیں بنائی جا سکتی، ہنر مند قوموں کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ دنیا میں کہیں بھی ہنر مند ناکام نہیں ہوتے ، ان سب میں ہاتھ کا ہنر اہمیت کا حامل ہے ، لیکن ثقافتی اور تاریخی ہنر وہ بھی معیشت میں شامل ہو تو وہ زیادہ اہمیت اختیار کرتا ہے ،غیور احمد کی ان کوششوں سے خواتین مالی آزادی کے لیے اپنی دستکاری پر انحصار کرتی ہیں۔
تھر کار پیٹس اور ہینڈی کرافٹس کے ذریعے اس نے دستکاری کو سماجی ہنر اور کاروبار میں تبدیل کردیا ہے ۔ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2024 میں تھر کارپیٹس اینڈ ہینڈی کرافٹس کا اسٹال نہ صرف میلے میں توجہ حاصل کر رہا ہے بلکہ یہ ایک اہم سنگ میل ہے جو سماجی ترقی اور ثقافتی تحفظ پر تھر کے قالین اور دستکاری کے اثرات کو تسلیم کرتا ہے ۔
ایس سی او کانفرنس کیلئے اسلام آباد میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر لئے گئے۔
ایس سی او کانفرنس کے حوالے سے اسلام آباد شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے، میٹرو بس سروس آج 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی، اسلام آباد پولیس نے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا۔
ملپور سے ڈھوکری چوک، کشمیر چوک اور سرینا ہوٹل تک سڑک بند رہے گی، راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک، سرینا ہوٹل تک مری روڈ بھی بند رہے گا، ملپور سے سرینگر ہائی وے کے ذریعے آبپارہ تک روٹ بند ہوگا، مری اور بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے والوں کیلئے متبادل روٹس فراہم کر دیا گیا۔
مری اور بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے والے کورنگ روڈ، بنی گالہ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک کے ذریعے فیض آباد آسکیں گے، راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے نائنتھ ایونیو استعمال کرسکیں گے، ایکسپریس وے فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ اور کورال چوک تک بند رہے گی۔
آج سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا د اخلہ بند ہوگا۔
جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر(جے پی ایم سی)کے زیر اہتمام پنک ٹوبر مہم کا انعقاد کیا گیا
جس کا مقصد چھاتی کے سرطان کی ابتدائی تشخیص اور علاج کے مراحل کے حوالے سے آگاہی دینا تھا۔
کراچی سی ویو پر گزشتہ روز منعقدہ کی گئی تقریب میں مختلف صحت مندانہ سرگرمیاں کی گئیں ۔ان سرگرمیوں میں 20 کلومیٹر سائیکلنگ، 10 کلومیٹر دوڑ اور 5 کلومیٹر واک شامل تھیں ۔چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے پنک ٹوبر مہم میں شعبہ طب سے وابستہ شخصیات سمیت سول سائٹی نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں معروف سیاستدان شرمیلا فاروقی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔انہوں نے چھاتی کے سرطان کی شکار خواتین سے اظہار یکجہتی کی، جناح اسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر شائستہ شوکت نے کہا کہ ابتدائی تشخیص اور آگاہی بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تولیدی عمر کی خواتین ہر ماہ اپنا جسمانی معائنہ کریں اور چالیس سال سے بڑی عمر کی خواتین سالانہ میموگرام کروائیں، چھاتی کا سرطان خواتین میں سب سے عام کینسر ہے لیکن اس سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ چھاتی کا سرطان مردوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے ،چھاتی میں غیر معمولی تبدیلی محسوس ہو تو ڈاکٹر سے ضرور رجوع کریں۔
لاہور: پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک کے زیر اہتمام بچیوں کے عالمی دن کی مناسبت سے ’’بچیوں کو بااختیار بنانا، مستقبل کو محفوظ بنانا‘‘ کے موضوع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں چیئرپرسن شعبہ سوشل ورک پروفیسر ڈاکٹرعظمیٰ عاشق، ڈاکٹر نور الزماں، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب کے انعقاد کا مقصد لڑکیوں کے حقوق بارے بیداری پیدا کرنا اور صنفی مساوات کے لئے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ ڈاکٹر نور الزماں نے محدود تعلیم اور چائلڈ لیبر جیسے چیلنجوں بارے بات چیت کی۔
غزہ کے اسکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کی شیلنگ سے 22 پناہ گزین شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے مشرقی غزہ کے علاقے نصیرات میں اسکول پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 80 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے۔ اسکول میں فلسطینی پناہ گزین مقیم تھے۔ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد شہید ہوئے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے دیرالبلاح کے علاقے میں الاقصیٰ شہدا اسپتال کے احاطے میں قائم فلسطینی پناہ گزینوں کے خیموں پر بم برسا دئیے۔ حملے میں 4 افراد شہید اور 70 زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے جنین میں نام نہاد سیکورٹٰی آپریشن کے دوران 18 فلسطینوں کوگرفتار کرلیا۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے جبالیا کیمپ میں کئی مکانات کو بم لگا کر اڑا دیا گیا تھا صیہونی فورسز نے ایک ہفتے میں 200 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔
7 اکتوبر 2023 سے غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں اب تک 43 ہزار سے زائد افراد شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے وفد نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کا دورہ کیا تاکہ یونیورسٹی کے تعلیمی معیار، بنیادی ڈھانچے، اور ایچ ای سی کے رہنما اصولوں کی مجموعی پاسداری کا جائزہ لیا جا سکے۔
وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے ایچ ای سی ٹیم کاپر تپاک استقبال کیا، اورمختلف شعبہ جات کے سربراہان کی موجودگی میں اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے دوران کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی نے یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں، جدید لیبارٹری سہولیات، سمارٹ کلاس رومز اور تدریس و تعلم کو بہتر بنانے کے لئے کی جانے والی دیگر کوششوں پر تفصیلی معلومات وفد کو پیش کیں ۔
جامعہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ایچ ای سی ٹیم نے شعبہ جاتی سربراہان، فیکلٹی اراکین اور طلباء کے ساتھ مفید گفتگو کی۔
انہوں نے جے ایس ایم یو کیمپس کا بھی دورہ کیا اور طلباء سے ملاقات کی تاکہ ان کے تعلیمی تجربات کو براہ راست جان سکیں۔یہ دورہ جے ایس ایم یو کی تعلیمی معیارات کو برقرار رکھنے اور ایچ ای سی کے معیار کے مطابق کارکردگی کی مسلسل کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔ اس عمل کا اگلا مرحلہ اس دورے کے نتائج کا جامع جائزہ ہوگا۔
ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کوشکست دیکرآسٹریلیاسیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
شارجہ میں گروپ اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں152 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی ویمن ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بناسکی۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کی گریس ہیرس 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں تالیا میک گراتھ اور الیس پیری نے 32، 32 رنز بنائے۔
گروپ اے میں آسٹریلیا اپنے چاروں میچز جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے تاہم اس گروپ سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کل پیر کو ہونیوالے میچ سے ہوگا۔
بھارت چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے نیوزی لینڈ کیخلاف اپنا آخری میچ لازمی جیتنا ہوگا تاہم اگر نیوزی لینڈ پاکستان کو شکست دیتا ہے تو وہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا۔
نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی جیت کی صورت میں بھارت، نیوزی لینڈ اور پاکستان تینوں کے پوائنٹس چار، چار ہوجائیں گے، جس کا رن ریٹ بہتر ہوگا وہ ٹیم سیمی فائنل میں کوالیفائی کرجائے گی۔
اسلام آباد : آج سے 16 اکتوبر تک کون کون سے راستے بند ہوں گے؟ اس حوالے سے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے لیے راولپنڈی اوراسلام آباد کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا، آج سے سولہ اکتوبر تک مختلف شاہراہیں بند رہیں گی ۔
ٹریفک پلان پرعملدرآمد کیلئے 1100سے زائد ٹریفک اہلکار مامورہوں گے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں ہرقسم کی بھاری ٹریفک کاداخلہ ممنوع ہوگا۔
پلان کے تحت ایکسپریس وے زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک بندہوگی ، راولپنڈی آنےاورجانےوالےنائنتھ ایونیواستعمال کریں گے جبکہ فیصل ایونیو پر زیرو پوائنٹ سے نائنتھ ایونیو کی طرف ڈائیورژن ہوگی۔
ٹریفک پلان میں بتایا گیا بارہ کہو سے راولپنڈی کیلئے کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑروڈاستعمال کیاجائےگا جبکہ آئی جے پی روڈ سے فیض آباد کیلئے نائنتھ ایونیوسگنل سےاسٹیڈیم روڈ کا راستہ مختص کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ کے ذریعے پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا سے موٹر وے موڑا جائے گا جبکہ گاڑیاں چکری انٹر چینج سے اتر کر براستہ روات دوبارہ جی ٹی روڈ استعمال کرسکتی ہیں۔
جڑواں شہروں اورپشاورکی طرف جانے والی بڑی گاڑیوں کیلئے بھی یہی روٹ ہوگا جبکہ جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی۔
،آئی جی اسلام آباد سیدعلی ناصررضوی کاکہناہےتمام ادارے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، عوام کا تعاون بھی درکار ہے۔۔