ایمز ٹی وی (شکرگڑھ) بھارتی فورسز نے نوجوان توقیر خان کی نعش میں تیس گھنٹے مذاکرات کے بعد واپس کردی۔ تفصیلات کے مطابق سرحدی گاﺅں جلالہ کے رہائشی توقیر خان کو گزشتہ روز کھیتوں میں کام کرتے ہوئے بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا اور زخمی حالت میں پاکستانی حدود سےاٹھالیا تھا جو بعد ازاں بھارتی حراست میں شہید ہوگیا۔ بی ایس ایف نے تیس گھنٹوں کے مذاکرات کے بعد توقیر خان کی نعش رینجرز حکام کے حوالے کردی ہے ۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمران خان کو پہلے ہی بتا دیا تھاکہ دھرنے جاری رہے تو نقصان ہو گا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اب شہر شہر جا کر جلسے کریں گے، دھرنا ختم کرنے پر عمران خان کو اعتراض نہیں تھا ،وہ آزادانہ فیصلے کرنے کے مجاز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ستمبر میں ہی بتا دیا تھا کہ دھرنوں سے فوری نتیجہ نہیں آیا ہے اور اگر دھرنے جاری رہے تو الٹا نقصان ہو گا، لوگ سوال کریں گے اب کس لئے بیٹھے ہیں؟، انھوں نےکہا کہ لوگوں کے پاس کھانے کے لئے پیسے نہیں ہیں، کرایہ دے کر کون آئے گا؟۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) وائیٹ ہاؤز کے کمپیوٹر سسٹم کو حال ہی میں ہیک کرلیا گیا جس کے نتیجہ میں بعض خدمات متاثر رہیں، کمپیوٹر سسٹم کو ہیک کرنے کے پیچھے روسی حکومت سے وابستہ چند ایجنسیاں ہیں۔
وائیٹ ہاؤز کے ایک عہدیدار کی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ، ہیک کے حالیہ خطرات کا جائزہ لینے کے بعد ہم نے اس افراد کی نشاندہی کی ہے۔ امریکی صدر کے نیٹ ورک کے غیرزمیدار ایگزیکیٹیو آفس کے کمپیوٹر سسٹم کو ہیک کرلیا گیا۔ ہم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنادیا۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ ہیک کئے جانے کی وجہ سے وائیٹ ہاؤز کے کمپیوٹرس استعمال کرنے والوں کی باقاعدہ سرویس متاثر رہی۔ لیکن ہیکرس نے سسٹم کے کسی بھی ڈاٹا کو نقصان نہیں پہنچایا۔ وائیٹ ہاؤز
ایف بی آئی، سیکریٹ سرویس اور نیشنل سیکوریٹی ایجنسی اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہیکرس حکومت روس کیلئے کام کررہے ہیں جنہوں نے حالیہ ہفتوں میں وائیٹ ہاؤز کے کمپیوٹرس نیٹ ورک کو خراب کردیا ۔
تاہم وائیٹ ہاؤز کے عہدیداروں نے اس بات پر تبصرہ نہیں کیا کہ اس واقعہ کے پیچھے کون ذمہ دار ہیں اور کتنا ڈاٹا چلا گیا ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ بلاشبہ ہیکرس نے ہماری معلومات کو حاصل کرلیا ہے اور حساس معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے اور ہم ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ایمز ٹی وی (لاہور) زرائع کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان اور گورننگ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی کی آئندہ صدارت کے لئے نجم سیٹھی کا نام تجویز کیا تھا۔ پی سی بی کے پیٹرن چیف وزیر اعظم نواز شریف نے ان کے نام کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد 10 نومبر کو آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں نجم سیٹھی کے نام کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد نجم سیٹھی آئندہ سال یکم جولائی کوایک برس کے لئے عہدہ سنبھالیں گے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کے بعد اب فیصلوں کا اختیار بگ تھری یعنی بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے پاس ہے اور کونسل کے صدر کا عہدہ علامتی رہ گیا ہے۔
ایمز ٹی وی (لاہور) راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے طویل سماعت کے بعد 17 جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے روز شہریوں کی گاڑیاں توڑنے والے کردار گلو بٹ کو جرم ثابت ہونے پر 11 سال 3 ماہ قید اورایک لاکھ گیارہ ہزارروپے جرمانے کی سزا سنادی گئی۔ عدالت نے فیصلے کے بعد مجرم کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے جس کے بعد کمرہ عدالت میں موجود گلو بٹ کو گرفتارکرلیا گیا۔ مجرم کے وکیل کا عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کہ عدالتی فیصلے میں صرف گلو بٹ کو ہی ہدف بنایا گیا تاہم عدالتی فیصلہ قبول کرتے ہیں لیکن فیصلے کے خلاف رواں ہفتے ہی کیس تیارکرکے ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی(نیویورک) دنیا کی کم عمر ترین نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں اسرائیلی حملوں سے تباہ کن اقوام متحدہ کے اسکولوں کی تعمیر نو میں مدد کیلئے 50 ہزار ڈالرس عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
17 سالہ پاکستانی حقوق اطفال کی کارکن کو کل اسٹاکہوم میں ورلڈ چلڈرنس پرائز دیا گیا۔ اس موقعے پر ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ ساری انعامی رقم اقوام متحدہ ریلیف اینڈ ورک ایجنسی کو بطور عطیہ دیں گی۔
معصوم فلسطینی بچے طویل عرصہ سے مشکلات و مصائب کا شکار ہیں۔ ہمیں ان کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا تمام فلسطینیوں کے علاوہ دنیا بھر میں سب کو معیاری تعلیم کیلئے محفوظ ماحول فراہم ہو۔ ملالہ
ایمز ٹی وی (پشاور) پشاور یونیورسٹی کے سالانہ کانوکیشن کی تقریب کے دوران مہمان خصوصی گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب خان عباسی سے خیبرایجنسی سے تعلق رکھنے والے طالبعلم اسفندیار نے گولڈ میڈل وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے وائس چانسلر سے استدعا کی کہ وہ انہیں گولڈ میڈل سے نوازیں، وائس چانسلر کے انکار پر اسفندیار نے تمغہ وصول کرنے سے ہی انکار کردیا اور ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگائے۔ خیال رہے کہ سردار مہتاب خان عباسی وزیر اعظم نواز شریف کے انتہائی قریب ساتھی ہیں اور وہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔
ایمز ٹی وی (کوئٹہ) جماعت اسلامی کے مرکزی امیرسراج الحق نےکہا ہے کہ گر ایک طرف سمندر کی طرف سے طوفان نیلوفرکا خطرہ ہے تو دوسری طرف کراچی اور سندھ میں سیاسی نیلوفرکابھی خطرہ ہے،ان حالات میں ہماری کوشش ہے کہ کوئی اورہنگامہ کھڑا نہ ہو۔ سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھرنوں سے پہلے بھی ملک کی معیشت کی صورتحال اچھی نہ تھی، دھرنوں کے بعد بھی یہی صورتحال ہے جس کی وجہ ملک کی معاشی پالیسی کی ناکامی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماراپہلے بھی یہی مؤقف تھا کہ تحریک انصاف کےاراکین کے استعفے منظور نہیں کئےجانے چاہئیں، اس سلسلےمیں انہوں نےاسپیکر قومی اسمبلی سےذاتی طور پر اور سیاسی جرگے کے ذریعےبھی اپیل کی کہ تحریک انصاف کے استعفے منظورنہ کئےجائیں کہ اگر استعفے منظور کئے گئے تو سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہوگااورجذبات میں تیزی آئے گی جس سے اشتعال بڑھے گا، جس کی وجہ سے قبل ازوقت یا مڈٹرم الیکشن کےلئے ماحول بنےگا اورمیں نہیں چاہتا تھا کہ اس کی وجہ سے ہمارے مسائل میں مزید اضافہ ہوجائے، اس صورتحال سے وزیروں، سیاستدانوں اور دوسرے بڑوں کا توکچھ نہیں بگڑے گا، عوام کا ہی نقصان ہوگا۔
ایمز ٹی وی (پشاور) ذرائع کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک مکان پرامریکی جاسوس طیارے سے دو میزائل داغے گئے جس سے وہاں موجود چار شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں دو غیر ملکی اور دو مقامی افراد بتائے جاتے ہیں۔ حکام کے مطابق جس مکان کو نشانہ بنایا گیا اسے عسکریت پسند اپنے مرکز کے طور پر استعمال کررہے تھے۔ رواں سال جنوبی اور شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون طیاروں کی طرف سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں اور گاڑیوں پر کل 15 حملے کیے گئے ہیں جس میں سے دو حملے جنوبی وزیرستان، جبکہ 13 شمالی وزیرستان میں کیے گئے ہیں۔ ان حملوں میں درجنوں شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں رواں برس 15 جون سے جاری پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں بیشتر شدت پسند پاک افغان سرحدی علاقوں کی جانب منتقل ہوگئے ہیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی) بحیرہ عرب میں تیز ہواؤں کے باعث بننے والے سمندری طوفان نیلوفر کی شدت میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی جس کے بعد وہ پاکستان کے ساحل سے نہیں ٹکرائے گا۔ چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان آج شام یا رات کو ساحلی علاقوں کے قریب سے گزر جائے گا تاہم طوفان کراچی سے جنوب مغرب میں 650 کلو میٹر دوری پر ہے اور پاکستان اور بھارت کی سمندری حدود کا رخ کر رہا ہے۔ دوسری جانب سمندری طوفان ’نیلوفر‘کے پیش نظرملکی و غیرملکی ایئرلائنز کو الرٹ جاری کردیاگیاہے اور نوابشاہ ایئرپورٹ سے چھوٹے طیاروں کی محفوظ مقام پر منتقلی ،کراچی ایئرپورٹ پر آپریشن معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں جبکہ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے 31اکتوبرکو سکول بند رکھنے کااعلان کردیا۔ سندھ بھر میں نیلوفر کے سلسلے میں جمعہ کو تمام پرائیویٹ اسکول بند رکھنے کااعلان کردیاگیاجبکہ تین اور چار نومبر کو عاشورہ کی چھٹی ہوگی اور یوں تمام پرائیویٹ سکول اکتیس اکتوبر سے چار نومبر تک بند رہیں گے جبکہ ہفتہ اور اتوارچھٹی ہوتی ہے۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نوٹس کے متن میں کہاگیاکہ ہواکی رفتار پچیس ناٹیکل مائیل سے زیادہ ہوتوکسی قسم کی لینڈنگ کی اجازت نہ دی جائے اور کراچی کی پروازوں کا رخ لاہور، اسلام آباد اور نوابشاہ کی طرف موڑاجاسکتاہے ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گراﺅنڈہینڈلنگ کے احکامات جاری کرتے ہوئے آپریشن معطل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ یہ الرٹ کراچی ، نوابشاہ ، لاہور اوراسلام آباد ایئرپورٹ پر بھجوائے گئے ہیں ۔