ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) گلوکارہ اوراداکارہ رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی ترویج و ترقی میں جدید فلمیں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔ فلموں کا معیار بلند ہونے سے فیملیز کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایک عرصے سے فلموں میں اداکاری کی پیشکش ہو رہی تھیں لیکن مجھے فیملی کی طرف سے اجازت نہیں تھی اور ویسے بھی میں فرسودہ روایات سے آلودہ فلموں میں کام کرنے کی خواہشمند نہیں تھی ۔ فیملی کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد میں نے جب فلمساز سہیل خان کی فلم شور شرابا کا سکرپٹ پڑھا تو انکار نہ کرسکی اور مجھے مذکورہ فلم کے مرکزی کردار میں کاسٹ کرلیا گیا ۔ رابی پیرزادہ نے بتایا کہ میری پہلی فلم ریلیز ہونے سے قبل ہی مجھے مزید معیاری پراجیکٹس میں آفرز ہوئیں تو میں نے تین فلمیں سائن کیں جن کی شوٹنگ کا سلسلہ محرم الحرام کے بعد شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا میں اداکاری کیساتھ ساتھ گائیکی کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہوں۔