ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) آج کل ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے پاکستان اور انڈیا کی جنگ سرحد پر نہیں بلکہ بالی وڈ میں لڑی جا رہی ہے۔ عجیب افراتفری کا سماں ہے۔ ہندو تنظیم ایم ایس این نے فلم 'اے دل ہے مشکل' کو مشکل میں ڈال کر فلمساز کرن جوہر کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں۔
ادھر پاکستان میں میڈیا کے نگراں ادارے پیمرا کی جانب سے سٹیلائیٹ ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر انڈین مواد نشرکرنے پر جمعے سے پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس طرح دونوں جانب سرحدوں پر کم اور فن و ادبی حلقوں میں زیادہ جنون نظر آ رہا ہے۔
بہرحال کرن جوہر کی مشکلیں اب آسان ہوتی نظر آ رہی ہیں کیونکہ انڈیا کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے فلم کی کامیاب ریلیز کا یقین دلوایا ہے۔ اس کے علاوہ اس دوران بالی وڈ کندھے سے کندھا ملا کر کرن جوہر کے ساتھ کھڑا رہا۔ البتہ انوپم کھیر جیسے چند 'دیش بھکت' ضرور سامنے آئے لیکن ان کی ایک نہ چل سکی۔
کرن جوہر کی فلم کی ریلیز کے لیے ماحول سازگار ہو رہے ہیں
اس سارے تماشے میں کسی نے اچھا کہا تو کسی نے برا لیکن بالی وڈ کے 'شہنشاہ' کہے جانے والے اداکار امیتابھ بچن خاموش تماشائی بنے رہے۔ اس بارے میں کئی دلچسپ بیانات بھی سامنے آئے۔
اداکارہ پوجا بھٹ کا کہنا تھا کہ بالی وڈ میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی 'قوم پرستی نہیں دھونس' ہے۔ پوجا نے اسے 'بلیئنگ' کا نام دیا جبکہ فلمساز دیباکر بینرجی نے اس پابندی کی کھل کر مخالفت کی۔ اداکار ابھے دیول نے یہاں تک کہہ دیا کہ اگر پابندی ہی لگانی ہے تو پاکستان کے ساتھ درآمد اور برآمد ابھی تک کیوں جاری ہے۔ فلم انڈسٹری کو نشانہ بنانا ناجائز ہے۔
افواہیں یا پبلیسیٹی
کبیر خان نے یہ تصویر پوسٹ کرکے افواہ کو مزید ہوا دی لیکن جب عامر خان کے اداکار بھانجے عمران خان سے اس بارے میں ردِ عمل جاننا چاہا تو انھوں نے اپنی رائے نہ دینے میں ہی عافیت سمجھی کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ کہیں انہیں بھی پاکستان جانے کا راستہ نہ دکھا دیا جائے۔ اور یوں بھی وہ اپنے ماموں عامر خان اور بالی وڈ کے دوسرے خانوں کا حال پہلے ہی دیکھ چکے ہیں۔ جہاں تک سلمان خان کا تعلق ہے تو ان کے بارے میں پھر خبریں یا افواہیں گردش کرنے لگی ہیں۔
اب خبر یہ ہے کہ کبیر خان کے ساتھ فلم 'ٹیوب لائٹ' کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر سلمان کچھ زیادہ ہی مشورے دے رہے ہیں جو فلمساز کبیر خان کو پسند نہیں آ رہے اور اسی لیے دونوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ بہرحال جب یہ خبر کبیر خان تک پہنچی تو انھوں نے ٹوئٹر پر اس افواہ کا مذاق اڑاتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اور سلمان ایک دوسرے سے منہ موڑ کر کھڑے ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ اس طرح کی خبر کے ساتھ پلیز یہ تصویر لگائیں۔ سلمان خان کی فلم' ٹیوب لائٹ' اگلے سال ریلیز ہوگی اور تب تک اس طرح کی خبروں کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ پبلسٹی کا یہ طریقہ بھی خاصا موثر ہے۔
ایشوریہ کا انداز
اے دل ہے مشکل میں ان دو اداکاروں کی کیمسٹری کا ذکر بڑھ چڑھ کر کیا جا رہا ہے
فلم 'اے دل ہے مشکل' میں رنبیر کپور اور ایشوریہ رائے کے درمیان کیمسٹری کے خاصے چرچے ہیں اور اس بات کی خاصی پبلسٹی بھی کی جا رہی ہے۔ لگتا ہے کہ یہ کیمسٹری اتنی اچھی اور اصلی تھی کہ ایش اور ابھشیک کی بیٹی آرادھیہ بھی کنفیوز ہو گئیں۔
ایک انٹرویو کے دوران ایشوریہ کا کہنا ہے کہ 'ایک دن اچانک ان کی بیٹی آرادھیہ دوڑ کر پاپا کہہ کر رنبیر کے گلے لگ گئی کیونکہ رنبیر نے ویسی ہی جیکٹ اور کیپ پہن رکھی تھی جیسی ابھیشیک پہنتے ہیں۔'
لگتا ہے فلموں کی طرح پروموشن کے بھی سکرپٹ رائٹر ہوتے ہیں۔