ھفتہ, 23 نومبر 2024


کرن جوہر نے محمد رفیع کی گلوکاری کی توہین کردی

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ انڈسٹری کے ہدایتکارو پرڈیوسر کرن پر اپنی نئی ریلیز شدہ فلم “اے دل ہے مشکل” میں شہرہ آفاق گلوکار محمد رفیع کی گلوکاری کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ برصغیر پاک وہند کے مشہورگلوکارمحمد رفیع نے ایسے لازوال گیت گائے جو ان کی پہچان بن گئے اور وہ آج تک مداحوں کو محظوظ کرتے ہیں کیونکہ رفیع نے جو گایا وہ کمال گایا لیکن نئی ریلیز ہونے والی فلم “اے دل ہے مشکل” میں محمد رفیع کی گلوکاری سے متعلق ایسی بات کی گئی جس کی وجہ سے مرحوم کے خاندان اورمداح خاصے چراغ پا ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم “اے دل ہے مشکل” میں اداکاررنبیراورانوشکا شرما کے درمیان ادا کئے گئے مکالموں میں سے ایک جملہ کہ “محمد رفیع گاتے نہیں بلکہ روتے ہیں” نے محمد رفیع کے خاندان سمیت ان کے لاتعداد مداحوں کو غصے میں مبتلا کردیا ہے۔ محمد رفیع کے بیٹے شاہد رفیع نے اس حوالے سے کہا کہ بولے گئے اس ڈائیلاگ کی فلم میں کوئی جگہ نہیں بنتی تھی تو پھراسے فلم میں کیوں شامل کیا گیا، محمد رفیع کس قسم کے گلوکارتھے کیا کرن جوہرکواس بات کا اندازنہیں جب کہ کرن جوہرسے یہ توقع کبھی نہیں تھی کہ وہ میرے والد کی گلوکاری کی اس ڈائیلاگ کوشامل کرکے توہین کریں گے جو ایک لازوال گلوکارتھے۔

محمد رفیع کے بیٹے نے مزید کہا کہ میرے والد کو دنیا سے بچھڑے 36 برس بیت گئے لیکن آج بھی ان کے مداحوں کی تعداد آج کے گلوکاروں کی تعداد سے کئی گنا زیادہ ہے، میرے والد ایک گلوکارنہیں بلکہ گلوکاری کا ادارہ تھے، وہ بہت نیک تھے اور لوگ ان کی گلوکاری سے خاصے محظوظ ہوتے تھے اور آج تک ہوتے ہیں۔ شاہد رفیع نے مزید کہا کہ انڈسٹری سے کبھی بھی کسی ایک نے بھی میرے والد کے بارے میں برا نہیں کہا لیکن یہ ڈائیلاگ کہ “محمد رفیع گاتے نہیں بلکہ روتے ہیں” بس پاگل پن ہے جب کہ اس ڈائیلاگ کو لکھنے والا بھی پاگل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں لاتعداد مداحوں کی جانب سے بھی پیغامات موصول ہورہے ہیں کہ اس ڈائیلاگ کے خلاف ایکشن لیں اوراس ڈائیلاگ کوحزف کرائیں، جس کے لیے وہ سینسربورڈ کے چیف سے رابطہ کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment