ایمز ٹی وی(انٹرٹینمٹ) پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ماڈل کامی سد نے فلمی سفر کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ کامی جلد ہی ایک مختصر فلم ’’رانی‘‘ میں جلوہ گر ہوں گی۔
خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم کامی سد نے کچھ عرصہ قبل ریمپ پر واک کر کے خوب توجہ سمیٹی تھی ۔ کامی سد اب جلد ہی بڑے پردے پر بھی دکھائی دیں گی.
فلم رانی میں کامی سد نے خواجہ سرا کا مرکزی کردارنبھایا ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر امریکا سے تعلق رکھنے والے حماد رضوی ہیں جبکہ اسے گرے ہاؤس نامی پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے پروڈیوس کیا گیاہے۔ فلم کی شوٹنگ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع کی گئی تھی۔ تاحال یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ اسے ریلیز کب کیا جائے گا۔
کامی سد کے مطابق فلم رانی میں یہ پیغام دیا جائے گا کہ خواجہ سرا بھی زندگی میں بہت کچھ کر سکتے ہیں، ان کا مقصد صرف شادیوں میں رقص کرنا ہی نہیں ہے۔ فلم کی کہانی ایک خواجہ سرا پر مبنی ہےجسے کراچی کی سڑکوں پر کھلونے فروخت کرنے کے دوران ایک روز ایسا بچہ ملا جسے اس کے خاندان والے چھوڑ چکے تھے۔
کامی اسے اپنے گھر لے آتی ہے اور بعد میں انہیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔