ھفتہ, 23 نومبر 2024


آسکر ایوارڈیافتہ مہرشالہ علی زیر بحث

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)آسکر ایوارڈ جیتنے والی بہترین فلم مون لائٹ میں کام پر بہترین معاون اداکار کا آسکر جیتنے والے مہرشالہ علی کے مذہب کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ مون لائٹ میں مہر شالہ علی نے ایک ہم جنس شخص کا کردار ادا کیا تھا۔ عالمی ذرائع ابلاغ میں مہرشالہ علی کو اداکاری کے شعبے میں آسکر جیتنے والا پہلا مسلمان قرار دیا گیا

جس کے بعد پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھی اس بارے میں ٹویٹ کی جو کہ جلد ہی حذف کر دی گئی۔ ان کی جانب سے ٹویٹ حذف کیے جانے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی تاہم پاکستانی سوشل میڈیا پر اس کے بعد بات مہرشالہ علی کے جماعتِ احمدیہ سے تعلق کی ہونے لگی۔ واضح رہے کہ امریکہ میں ایک عیسائی گھرانے میں پیدا ہونے والے 43 سالہ مہرشالہ علی نے 2001 میں جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور پاکستان کے آئین میں ایک ترمیم کے تحت سنہ 1974 میں احمدی جماعت سے تعلق رکھنے والوں کو غیر مسلم قرار دیا جا چکا ہے۔

ملیحہ لودھی کے ٹویٹ ہٹانے کے بعد سوشل میڈیا پر کافی ردعمل دیکھنے میں آیا اور بہت سے لوگوں نے اپنی ٹویٹس کے ذریعے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا۔مصنفہ بینا شاہ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ جو پاکستانی ایک مسلمان کے آسکر ایوارڈ جیتنے پر خوشی منانا چاہتا ہے وہ یاد رکھے کہ وہ شخص احمدی ہے۔ پاکستان کے سرکاری چینل پر چلنے والی خبر میں بھی مہر شالہ علی کو مسلمان قرار دیا گیا۔

 

انٹرنیٹ پر موجود انسائیکلوپیڈیا ویب سائٹ 'وکی پیڈیا' پر 27 فروری کو مہر شالہ علی کی نام کی انٹری میں سو سے زائد دفعہ تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں سے بیشتر ان کے مذہب کے بارے میں تھیں۔مہرشالہ علی کی جیت کی خبر عالمی میڈیا میں بھی کافی گردش میں رہی اور کئی نامور خبر رساں اداروں نے ان کے اعزاز کو سراہا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment