ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ ہدایت کار اور فلم ساز راج کمار ہیرانی کی 'منا بھائی ایم بی بی ایس'، 'لگے رہو منا بھائی'، 'تھری ایڈیٹس' اور 'پی کے' جیسی بلاک بسٹر فلموں میں اپنی کامیڈی سے فلم بینوں کو محظوظ کرنے والے بومن ایرانی کہتے ہیں کہ اگر 'منا بھائی تھری' میں انہیں کاسٹ نہ کیا گیا تو وہ راج کمار ہیرانی کو نہیں چھوڑیں گے۔ گذشتہ دنوں فلم ساز کی جانب سے منا بھائی سیریز کی نئی فلم کا اعلان سامنے آنے کے بعد بومن ایرانی کی خوشی دیدنی تھی۔ انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق بومن ایرانی کا کہنا تھا کہ 'میں نئی فلم کے لیے بہت پرجوش ہوں، سرکٹ اور منا بھائی اس فلم کا حصہ ضرور ہوں گے لیکن میری موجودگی کنفرم نہیں، فلم کے ہر حصے میں تیسرا کردار تبدیل ہوتا رہا ہے'۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'اگر راج کمار ہیرانی منا بھائی کی نئی فلم میں مجھے کاسٹ نہیں کرتے تو میں انہیں ڈرا دھمکا کر خوف زدہ کردوں گا'۔ بومن کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت راج کمار ہیرانی سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم کی عکس بندی میں مصروف ہیں لیکن جیسے ہی یہ کام مکمل ہوجاتا ہے وہ منا بھائی کی عکس بندی کا آغاز کردیں گے۔ خیال رہے کہ بومن ایرانی، منا بھائی سیریز کی پچھلی دو فلموں میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں، پہلی فلم میں ان کا کردار ڈاکٹر استھانا کا تھا جبکہ دوسرے حصے میں انہوں نے ایک کاروباری شخص لکی سنگھ کا کردار نبھایا تھا۔ فلم کے دونوں حصوں میں بومن ایرانی کی اداکاری کو کافی سراہا گیا تھا، یہی وجہ ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ فلم ساز نئی فلم میں بھی انہیں کاسٹ کریں گے اور اگر نہیں بھی کرنا چاہتے تو اب دھمکی سن کر انہیں ایسا کرنا ہی پڑے گا۔