ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کو گزشتہ کئی برس سے 100 کروڑ سے زائد آمدنی والی فلمیں دینے والے دبنگ اداکار سلمان خان کا جادو اس بار شائقین پر نہ چل سکا اور ان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ لوگوں کی امیدوں پر پوری اترنے میں ناکام رہی، فلم نے ریلیز کے پہلے روز سلمان کی گزشتہ فلموں کے مقابلے میں بہت ہی کم بزنس کیا، جبکہ فلم ’’ٹیوب لا ئٹ‘‘ کو 100 کروڑ کا ہندسہ پورے کرنے میں بھی ایک ہفتے سے زائد کا وقت لگ گیا ورنہ اس سے قبل فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘،’’ بجرنگی بھائی جان‘‘ اور ’’کک‘‘ نے صرف تین دنوں میں 100 کروڑ سے زائد کمائی کرکے کئی ریکارڈز قائم کیے تھے۔
تجزیہ نگاروں کی تنقید اورکم آمدنی کے باعث فلم میں سلمان کی ہیروئن کا کردارادا کرنے والی چینی اداکارہ ’’ژوژو‘‘ فلم کو ملنے والے ردعمل سے بالکل خوش نہیں ہیں اور انہوں نےبھارت آنے سے بھی انکار کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میں مختصر کردار کے باعث ’’ژوژو‘‘ پہلے ہی ناخوش تھیں اورانہوں نے فلم کی تشہیری مہم میں بھی حصہ لینے سے انکار کردیا تھا تاہم فلم کی ریلیز کے بعد وہ بھارت آنے کا ارادہ رکھتی تھیں لیکن باکس آفس پر فلم کو ملنے والے ردعمل اور کم آمدنی کے باعث انہوں نے بھارت آنے کا ارادہ ملتوی کردیا اور سلمان کے اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ چھوڑدیا۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور ہدایت کار کبیر خان کی ایک ساتھ یہ تیسری فلم تھی اس سے قبل دونوں ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ اور ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ میں کام کرچکے ہیں ان دونوں فلموں نے باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا تھا اسلیے شائقین امید لگائے بیٹھے تھے کہ دونوں کی جوڑی اس بار بھی کمال کرے گی لیکن سلمان لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔