ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ)اداکارہ سائرہ شہروز پاکستان کی پہلی سپر ہیرو فلم "پروجیکٹ غازی " کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اپنی فلم سے متعلق میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ اس فلم کا حصہ نہ بنتی تو افسوس ہوتا، یہ فلم پاکستانی سینما میں نئی تاریخ رقم کرے گی، یوں تو ہر فلم میں کام کرنے کا تجربہ خوشگوار رہتا ہے لیکن اس فلم میں نئے تجربات کرنے کا موقع ملا، جو کہ میرے کیرئیر میں آگے تک ساتھ رہیں گے۔
واضح رہے کہ پروجیکٹ غازی، سائنس فکشن کی طرز پر مبنی فلم ہے، جس کی ہدایات نادر شاہ نے دی ہیں، یہ بطور ہدایت کار ان کی پہلی فلم ہوگی، فلم کے پروڈیوسر محمد علی رضا ہیں جب کہ فلم کی کاسٹ میں سائرہ شہروز، شہریار منور، ہمایوں سعید مرکزی کردار، عدنان جعفر منفی کردار جب کہ طلعت حسین، عامر قریشی ودیگر معاون کرداروں میں نظر آئیں گے۔
سائرہ نے کہا کہ فلم میں اہم کردار ادا کررہی ہوں جس کی جھلک ٹریلر میں بھی نمایاں ہے، فلم میں میرے کردار کا نام سارہ افتخار ہے جو کہ میڈیکل سائنسدان ہے اورایک پروجیکٹ کی تحقیقات کرتے ہوئے فلم کی کہانی کو آگے لے کر چلتی ہیں، اس فلم میں ایکشن کرنے کا موقع ملا جو کہ میرے لیے انتہائی خوشگوار تجربہ تھا، مجھے فلم میں ہیل والے جوتے پہنا کر ایکشن کروایا۔
اداکارہ نے کہا کہ ہالی ووڈ کی سپر ہیروز فلم دیکھ کر ہمیشہ چونکتی اور سوچ میں پڑ جاتی تھی کہ وہ کس طرح اتنی شاندار فلمیں بنا لیتے ہیں، پاکستان میں چونکہ فلم انڈسٹری احیاء کے مراحل طے کررہی ہے لیکن پاکستانی فلم شائقین کی ایک بڑی تعداد سپر ہیروز فلموں کو پسند کرتے ہیں جو کہ ہمارے یہاں نہیں بنتی، اس پس منظر میں فلم کے ہدایتکار اور پروڈیوسر داد کے اصل حقدار ہیں کہ انھوں نے روایتی فلموں کے بجائے پاکستانی ماتکیٹ کو دیکھتے ہوئے فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔
سائرہ نے کہا کہ امید کرتی ہوں کہ فلم شائقین کو ہماری یہ کوشش پسند آئے گی اگر یہ فلم کامیاب ہوگئی تو دیگر فلمساز بھی اس طرح کی فلمیں بنانے کی ہمت پکڑیں گے، ناقدین اور شائقین فلم کو مثبت منفی دونوں طرح کے تاثرات دیتے ہیں لیکن ایک فنکار کو اس سے متاثر نہیں ہونا چاہیے بلکہ اپنے فن پر توجہ دینی چاہیے۔
یاد رہے کہ فلم پروجیکٹ غازی رواں ماہ 14 جولائی کو پاکستان بھر کے سینما گھروں کی رونق بڑھائے گی۔