ممبئی: ’دی کپل شرما شو‘ کو بھارت سمیت دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملی لیکن میزبان کپل شرما کے رویے کی وجہ سے نہ صرف اس شو کو بند کیا گیا بلکہ ان کی گرتی ہوئی مقبولیت نے کامیڈین کو ذہنی مریض بنادیا جس کے باعث وہ کافی عرصے سے چھوٹی اسکرین سے دور رہے۔ اداکار کے رویے کی وجہ سے کوئی بھی پروڈیوسر ان کے ساتھ دوبارہ شو کرنے کو تیار نہیں تھا ایسے میں بالی ووڈ سلطان سلمان خان نے کپل شرما کے ڈوبتے کیریئر کو بچانے کا فیصلہ کیا۔ سلمان خان کا پروڈیوسر کردہ شو ’دی کپل شرما شو سیزن ٹو‘ اگلے ماہ سے آن ایئرہوگا جس میں کپل شرما ایک بار پھر مداحوں کے چہروں کو مسکراہٹیں بکھیرتے دکھائی دیں گے، کہا جارہا ہے کہ نئے سیزن کے پہلے شو میں بالی ووڈ کنگ کو بطور مہمان لائن اپ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور ساتھ ہی ان کی نئی فلم ’زیرو‘ کی کاسٹ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ ’دی کپل شرما شو‘ کے نئے سیزن میں ککو شرما، چندن پربھارکر، بھارتی سنگھ، کرشنا ابھییشک اور سمونا چکرورتی، میزبان کپل شرما کا ساتھ دیں گے جب کہ اس کاسٹ میں مزید نام بھی سامنے آسکتے ہیں۔خیال رہے کپل شرما کی شادی کی خبریں بھی زیرگردش ہیں اور وہ اگلے ماہ اپنے نئے پروگرام کے آن ایئر ہونے سے پہلے ہی اپنی دیرینہ دوست سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔