برکشائر: برطانیہ میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جس میں طوطے نے مالک کی عدم موجودگی میں آواز کی ہدایت پر کام کرنے والے ایمیزون اسسٹنٹ ’ایلیکسا‘ پر بول کر کئی چیزیں گھر پر منگوانے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں گوگل اور ایمیزون اسسٹنٹ قریباً ہر گھر میں ہوتے ہیں اور انہیں کئی کاموں کے ساتھ ساتھ شاپنگ کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اپنے مالک کو ایسا کرتے دیکھ کر خود افریقی گرے طوطے ’روکو‘ نے آرڈر دے کر اپنے لیے اسٹرابری، تربوز اور پانی گرم کرنے والی دستی مشین منگوالی۔ تاہم مالک نے پہلے ہی آرڈر پر لاک لگایا ہوا تھا اور یہ اشیا نہ خریدی جاسکیں۔ یہ طوطا اپنے مالک کے ساتھ برکشائر کے ایک محلے میں رہتا ہے اور انسانوں کی نقل کا ماہر ہے۔ اس سے پہلے وہ الیکسا سے اپنے پسندیدہ گانے سنتا ہوا پایا گیا اور اس کے بعد کئی مرتبہ اس نے لطیفوں کی فرمائش بھی کی تھی۔ لیکن پہلی مرتبہ ہوا کہ اس نے پورے دن مختلف اشیا منگوائیں اور اپنا آرڈر لکھوایا جس میں بلب اور پتنگیں بھی شامل ہیں۔ طوطے کے مالک نے کہا کہ وائس اسسٹنٹ پر جیسے ہی اس کی پسندیدہ دھن لگتی ہے طوطا ناچنے لگتا ہے۔ اس نسل کے طوطے بہت ذہین ہوتے ہیں اور انسانی نقل میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہوتا۔ اس سے قبل برطانیہ میں ہی ایک فائر فائٹر نے جب ایک طوطے کو بچانے کی کوشش کی تو اسے گالی دے کر پیچھے ہٹنے لگا تھا جس پر فائر فائٹر نے اسے ’آئی لو یو‘ کہا تھا۔ اس کے باوجود طوطا وہاں سے اڑ کر دوسرے گھر کی چھت پر جابیٹھا تھا۔