کراچی: ناموراداکارشان نے پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکارندیم بیگ کو فن کے شعبے میں ان کی 50 سالہ خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اداکارشان نے سوشل میڈیا پراپنی اور اداکار ندیم بیگ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ندیم بیگ ہماری انڈسٹری کے اصل لیجنڈ ہیں، فن کے شعبے میں ندیم صاحب کی خدمات کو تقریباً 50 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ تاہم شان اس موقع پر حکومت سے تھوڑے خفا بھی نظر آئے اور کہا ندیم سر! اگر حکومت آپ کی خدمات کو تسلیم نہیں کرتی تو کیا ہوا ہم تو کرتے ہیں، پاکستانی عوام نے آپ کو اس جگہ پر رکھا ہے جہاں ایک فاتح اپنے میڈل رکھتا ہے، آپ کو ہم نے اپنے دل میں بسایا ہے۔ آپ کا بے حد شکریہ کہ آپ نے فلم انڈسٹری کو اتنے بہترین کردار دئیے جنہیں ہم آج بھی بے حد پیار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ندیم بیگ اپنے وقت کے نہ صرف بہترین اداکار تھے بلکہ انہوں نے گلوکاری اور پروڈکشن کے شعبے میں بھی قدم رکھا اورکامیاب رہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1967 میں فلم’’چکوری‘‘ سے کیا بعد ازاں انہوں نے 200 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور نگار سمیت کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔
90 کی دہائی میں لیجنڈ اداکار ندیم کو فنی شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے لیے صدر پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا جاچکا ہے۔