کراچی: پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت لنگراسکیم پرتنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ لوگوں کو مانگ کر نہیں کما کر کھانا سکھائیں۔
گلوکارہ رابی پیرزادہ سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہیں اور اپنی روزمرہ کی روٹین مداحوں کے ساتھ شیئر کرنے کے ساتھ حکومتی معاملات پربھی اپنی رائے دیتی نظر آتی ہیں اور اکثر حکومت اور حکومتی ارکان پر تنقید کرنے سے بھی نہیں چوکتیں۔
حال ہی میں رابی پیرزادہ نے وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت سیلانی لنگر اسکیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب بہت اچھا کام ہے بھوکے کو روٹی کھلانا۔ لیکن اگر لنگر پر مفت روٹیاں توڑنے کے بجائے آپ اسی لنگر پر لوگوں کو نوکری دیتے تو لوگ محنت کرکے کھانا سیکھتے۔
رابی پیرزادہ نے وزیراعظم کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وزیراعظم صاحب آپ سمجھنے کی کوشش کریں، عوام بھکاری نہیں ہے، وہ کام کرنا چاہتے ہیں، پاکستان میں بہت بے روزگاری ہے۔
رابی پیرزادہ کے اس ٹوئٹ کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ سراہا جارہا ہے اور لوگ ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ بے روزگاری کا مستقل حل لنگر تقسیم کرنا نہیں بلکہ روزگار کی فراہمی ہے۔
شکیل احمد خان نامی صارف نے رابی پیرزادہ کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا بہت سی عوام ایسی ہے جن میں کام کرنے کی سکت نہیں، کسی کی زیادہ عمر ہوگئی، کسی کو بیماری نے اپنے گھیرے میں لیا ہوا ہے ان کے لیے تو یہ ٹھیک ہے لیکن جہاں تک روزگار کی بات ہے وہ سو فیصد درست ہےمستقل حل روزگار کی فراہمی ہے۔