اتوار, 24 نومبر 2024


موجودہ سال تاریخ کا گرم ترین سال ہوگا

ایمزٹی وی(صحت)سوئٹزرلینڈکے شہر جنیوا میں عالمی موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کی ہے کہ موجودہ سال انسانی تاریخ کا گرم ترین سال بھی ہوسکتا ہے کیونکہ اس سال کے پہلے 6 مہینوں کے دوران گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔

عالمی موسمیاتی ادارے کے سیکریٹری جنرل پیٹری تالاس کا کہنا ہےکہ آب و ہوا میں تبدیلی کے عشروں پر محیط اثرات اب اپنی نئی اونچائیوں کو چھورہے ہیں، جو 2015/2016 میں ایل نینو کی شدت کے باعث اور بھی طاقتور ہوگئے ہیں۔

عالمی موسمیاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ جون 2016 وہ چودھواں مہینہ رہا جس کے دوران ساری دنیا کا اوسط درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر زیادہ نوٹ کیا گیا جب کہ بیسویں صدی کے اوسط سے زیادہ درجہ حرارت والا 378 واں مہینہ رہا۔ آسان الفاظ میں یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ اس سال میں اب تک عالمی حدت کے پرانے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں اور نئے ریکارڈ مسلسل بن رہے ہیں، اس کی ایک وجہ زمینی کرہ فضائی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مسلسل بڑھتی ہوئی مقدار ہے جو اس سال 400 حصے فی 10 لاکھ (400 پی پی ایم) کا خطرناک ہندسہ عبور کرچکی ہے۔

رپورٹ میں ناسا کے فراہم کردہ اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 2016 کے پہلے 6 مہینوں میں زمین کا اوسط درجہ حرارت انیسویں صدی میں (صنعتی انقلاب سے پہلے کے) اوسط درجہ حرارت سے 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔ یہی نہیں بلکہ اس زیادہ گرمی کے نتیجے میں قطبین اور گرد و نواح میں برف کی بڑی چادروں میں سالانہ پگھلاؤ بھی وقت سے پہلے مشاہدے میں آیا۔ علاوہ ازیں بحیرہ منجمد شمالی (آرکٹک سی) میں برفانی تودوں کا پھیلاؤ بھی 1970 کے عشرے کے مقابلے میں 40 فیصد کم ہوگیا ہے۔

رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ عالمی ماحول کی بحالی کے لیے تشکیل دیئے گئے منصوبوں اور عالمی معاہدوں پر پوری شدت سے عملدرآمد کی فوری ضرورت ہے ورنہ ساری زمین کے ماحول کا توازن بہت بری طرح سے بگڑ جائے گا جو دوسرے جانداروں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے ساتھ ساتھ خود انسانی نسل کو بھی بقاء کے خطرے سے دوچار کرسکتا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment