جمعرات, 25 اپریل 2024


جامعہ کراچی :عالمی کانفرنس میں ڈھاکا یونیورسٹی کے پروفیسر امتیازاحمدشریک نہیں ہونگے

ایمزٹی وی (تعلیم) جامعہ کراچی نے کلیہ سماجی سائنس کے تحت 3 دسمبر سے شروع ہونے والی عالمی کانفرنس میں ڈھاکا یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد کو شرکت سے منع کر دیا ہے۔ ڈھاکا میں پاکستان ہائی کمیشن نے ان کو کانفرنس میں شرکت کیلئے ویزا بھی جاری کر دیا تھا اور ان کی جہاز پر نشست بھی کنفرم تھی۔ انہوں نے عالمی کانفرنس سے کلیدی خطاب کرنا تھا۔ کلیہ سماجی سائنس کے سربراہ ڈاکٹر مونس احمد نے بتایا کہ سماجی علوم میں درپیش تغیراتی چیلجنز کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس میں ڈاکٹر امتیاز احمد کو ڈھاکا سے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ وہ اس سے قبل 5 مرتبہ پاکستان آ چکے تھے۔ تاہم اس مرتبہ وائس چانسلر نے ایک طلبہ تنظیم کے دبائو پر ڈاکٹر امتیاز کو شرکت سے روک دیا ہے۔ ڈاکٹر مونس احمد نے بتایا کہ کیمپس سیکورٹی افسرزبیر نے انہیں فون کر کے کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایت ہے کہ ڈاکٹر امتیاز کو پاکستان آنے سے منع کر دیا جائے، جس پر میں نے انہیں اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر ڈاکٹر جمیل کاظمی اور پروفیسر انیلا امبر ملک کو آگاہ کیا تاہم وہ بھی ڈاکٹر امتیاز کے سلسلے میں وائس چانسلر کو قائل نہ کر سکے۔ ڈاکٹر مونس احمد نے بتایا کہ انہوں نے دلبرداشتہ ہو کر ڈاکٹر امتیاز کو پاکستان آنے سے منع کر دیا۔ ڈاکٹر مونس احمد نے کہا کہ اس اقدام کے باعث اب غیر ملکی ماہرین کو بلانا مشکل ہو جائے گا اور بلانے سے قبل طلبہ تنظیموں سے این او سی لینا پڑے گی ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment