ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)آسٹریلوی کمپنی سڑک پر نصب کی جانے والی ایسی جدید ٹائلیں تیار کررہی ہے جو موبائل فون کو استعمال کرتے ہوئے افراد کو سڑک پار نہیں کرنے دیں گی۔ موبائل فون استعمال کرتے دوران گاڑی چلانا یا سڑکوں پر مٹرگشت کرنا قانوناً جرم ہونے کے علاوہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ آسٹریلوی کمپنی کی جانب سے اس کا ایک حل ’’اسمارٹ ٹیکٹائل پیوِنگ‘‘ کے طور پر سامنے آیا ہے جو کسی ٹریفک سگنل کی طرح کام کرتی ہے۔ سڑک پر نصب ہونے والی یہ ٹائلیں کیمروں اور ایک خودکار نظام سے منسلک ہیں۔ موبائل استعمال کرتا ہوا کوئی فرد جیسے ہی سڑک کے قریب پہنچے گا تو پہلے ان ٹائلوں سے پیلی روشنیاں پھوٹیں گی لیکن اگر وہ پھر بھی متوجہ نہیں ہوتا اور سڑک پر قدم رکھ دیتا ہے تو ٹائلوں سے سرخ رنگ کی تیز روشنی خارج ہونے لگتی ہے جو موبائل استعمال کرنے والے کو چونکنے پر مجبور کردیتی ہے۔
جرمنی کے شہر میونخ کے بعض علاقوں میں پہلے ہی ٹرام کراسنگ پر ایسی جدید ٹائلیں نصب کردی گئی ہیں جو موبائل استعمال کرنے والوں کو قریب آنے پر خبردار کردیتی ہیں۔ ایجاد اپنی جگہ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑی ڈرائیو کرتے یا سڑک پار کرتے وقت موبائل فون استعمال نہ کرنا ہی اس مسئلے کا بہترین حل ہے۔