ایمزٹی وی(صحت)سرکہ، ادرک، لہسن اور لیموں پانی موسم برسات میں پیدا ہونیوالی بیماریوں سر درد، بخار، پیٹ درد، قے، متلی، دست، بھوک کی کمی، ڈی ہائیڈریشن اور گیسٹرو کا بہترین علاج ہیں۔ برسات میں چند احتیاطوں سے اس موسم کو باعث رحمت بنایا جاسکتا ہے، موسم برسات میں گرمی اور رطوبت کی زیادتی کی وجہ سے مضر اور خطرناک جراثیم کی افزائش میں تیزی آجاتی ہے، جس سے موسمی اور متعدی بیماریاں نمودار ہوتی ہیں، سر درد، بخار، پیٹ درد، قے، متلی، دست، بھوک کی کمی، ڈی ہائیڈریشن، گیسٹرو اس میں قابل ذکر ہیں، ان امراض کی وجہ آلودہ پانی، گلے سڑے پھلوں کا استعمال اور ناقص خوراک ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ موسم برسات کی بیماریوں سے محفوظ رہنے کیلئے پانی کو 10 منٹ اسٹیل کے برتن میں اُبال کر استعمال کریں، جسمانی صفائی کا خاص خیال رکھیں، دن میں کم از کم ایک بار صابن سے اچھی طرح ضرور نہائیں، صاف لباس پہنیں، گھر اور گلی محلے کی صفائی کا خیال رکھتے ہوئے ان مقامات پر پانی ہرگز جمع نہ ہونے دیں۔
ماہرین کے مطابق موسم برسات کے دوران گھر میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کریں یا قدیم گھریلو ہربل جراثیم کش اسپرے یعنی حرمل، گوگل کی دھونی دیں، بازاری کھانوں یا کھلے عام فروخت کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء سے پرہیز کریں، سبزیوں اور پھلوں کو اچھی طرح دھو کر استعمال کریں، نرم اور زود ہضم غذا کھائیں، باسی اشیاء سے مکمل پرہیز کریں، زیادہ کھانا نہ کھایا جائے، روم کولر کا استعمال اور کھلے آسمان تلے سونا نقصاندہ ہے اس لئے کہ نم دار ہوا بدن کے درجہ حرارت کو مناسب نہیں رہنے دیتی اور بخار کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے، نیز جوڑوں میں درد شروع ہوجاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکہ، ادرک، لہسن اور لیموں پانی کا استعمال موسم برسات کی بیماریوں کا بہترین علاج ہے، اس موسم کی بیماریوں میں نزلہ، زکام، کھانسی، انفلوئنزا، گیسٹرو، ہیضہ، پیچش، اسہال، بدہضمی، پھوڑے، پھنسیاں، خارش، قے، متلی، آشوب چشم شامل ہیں۔