ایمزٹی وی(صحت)چمکتے دانت کس کو پسند نہیں مگر کیا وجہ ہے کہ مہنگے سے مہنگے ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنے کے باوجود صفائی نہیں ہوتی تو اس کی وجہ درحقیقت آپ کے دانتوں کو غلط طریقے سے برش میں چھپی ہوئی ہے۔
جی ہاں یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا ہے۔ جی ایل او سائنس نامی ویب سائٹ کے بانی اور ڈینٹسٹ ڈاکٹر جوناتھن بی لیوین کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ لوگ دانتوں کو برش کرتے ہوئے 2 بڑی غلطیاں کرتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق لوگ دانتوں کو برش کرتے ہوئے جو سب سے بڑی غلطی کرتے ہیں وہ سختی یا زور سے صفائی کرنا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ لوگوں کا خیال ہے کہ اگر وہ سختی یا طاقت سے برش کریں گے تو داغ دھبے آسانی سے دور ہوجائیں گے تاہم ایسا نہیں ہوتا۔ محقق کا کہنا تھا کہ دانتوں کو چمکانے کے لیے دانتوں پر برش اس طرح کرنا چاہئے جیسے آپ اپنی پلکوں کی صفائی کرتے ہوئے برش کو استعمال کریں یعنی آرام سے۔ تحقیق کے مطابق دوسری بڑی غلطی جو لوگ کرتے ہیں وہ جلد بازی میں دانتوں پر برش کرنا ہے۔
تحقیق کے بقول اوسطاً لوگ 37 سیکنڈ ہی دانتوں کی صفائی کرتے ہیں جبکہ دانتوں کو برش کے ذریعے چمکانے کے لیے کم از کم ایک سے دو منٹ صرف کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ہر جگہ کو صاف کیا جاسکے۔ ڈاکٹر جوناتھن نے بتایا کہ کم از کم دو منٹ برش وہ بھی آرام سے کرنا دانتوں کی صفائی کے لیے موثر ثابت ہوتا ہے۔