ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے تمام مقامی انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز (آئی ایس پیز) کے لیے اپنا پہلا انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ (آئی ایکس پی) قائم کرلیا، جس سے تمام مقامی انٹرنیٹ ٹریفک کے لیٹنسی ریٹس (ایک نیٹ ورک سے دوسرے تک سفر کرنے کے لیے ایک سگنل کو درکار وقت) کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ مادی انفرااسٹرکچر ہے جس کے ذریعے انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز اور کانٹیکٹ ڈیلیوری نیٹ ورکس (سی ڈی اینز) اپنے نیٹ ورکس کے درمیان انٹرنیٹ ٹریفک کا تبادلہ کریں گے۔ آئی ایکس پی کا بنیادی مقصد نیٹ ورکس کو ایک یا زائد تھرڈ پارٹی نیٹ ورکس کے بجائے، ایکسچینج کے ذریعے ایک دوسرے سے براہ راست تعلق ہموار کرنے کی اجازت دینا ہے۔
قبل ازیں پاکستان کا انٹرنیٹ ٹریفک حتیٰ کہ مقامی ٹریفک بھی، غیر ملکی انٹرنیٹ نیٹ ورکس اور ایکسچینجز کے ذریعے راؤٹ ہوتا تھا۔ تاہم آئی ایکس پی کے قیام سے اب اس میں تبدیلی آجائے گی اور نتیجتاً مقامی درخواستوں کا جواب دینے کے وقت میں کمی آئی گی۔ انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی قیادت کے تحت اور انٹرنیٹ سوسائٹی (آئی ایس او سی) کے تعاون سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے احاطے میں قائم کیا گیا ہے۔ پی ٹی اے کے چیئرمین سید اسماعیل شاہ نے ’پرو پاکستانی‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی ایکس پی کے قیام کے تصدیق کی اور کہا کہ ابتدائی طور پر اسے دو ہفتوں کے لیے آزمائشی طور پر چلایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکسچینج کا ہارڈویئر لگادیا گیا ہے اور ایکسچینج آئندہ ماہ باضابطہ طور پر لانچ ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جلد کراچی اور لاہور میں بھی مزید مقامی انٹرنیٹ ایکسچینجز قائم کیے جائیں گے۔ انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ کا قیام ٹیلی کمیونیکیشن پالیسی 2015 کا لازمی حصہ تھا، جس پر اب عملدرآمد کیا گیا ہے۔ انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ کے قیام سے مقامی ہوسٹنگ کمپنیوں، ڈیٹا سینٹرز، سروس پرووائیڈرز، بینکس، کورپوریشنز اور پاکستان میں ویب سائٹس کی ہوسٹنگ کرنے والوں کو مدد ملے گی، جبکہ اس سے انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کو فائدہ ہوگا۔