ایمز ٹی وی (مانٓیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ کے اسمارٹ فون کی بیٹری کی چارجنگ بہت جلد ختم ہوجاتی ہے؟ تو فیس بک ایپ کو ڈیلیٹ کردیں۔ جی ہاں ایک نئے ٹیسٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فیس بک ایپ اسمارٹ فون کی بیٹری کو جلد ختم کرنے کا باعث بنتی ہے۔ ٹیک ورلڈ زون کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق فیس بک ایپ اینڈرائیڈ فونز میں بیٹری لائف 20 فیصد تک کم کرنے کا باعث بنتی ہے۔ ریڈیٹ صارفین کے ایک گروپ نے تجربے کے طور پر فیس بک ایپ کو ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ دن بھر میں بیٹری لائف میں 20 فیصد بہتری سامنے آئی ہے اور اس کی وجہ اس ایپ کا فون کے بیک گراﺅنڈ میں مسلسل کام کرنا ہے۔
اگر آپ اس ایپ کو اجازت دیں تو فیس بک بیک گراﺅنڈ کو مسلسل ری فریش کرتی رہتی ہے تاکہ تازہ ترین معلومات کو ایپ پر ایک کلک کے ذریعے دیکھا جاسکے۔ فیس بک سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسی رپورٹس ملی ہیں کہ کچھ افراد اینڈرائیڈ ایپ پر تجربات کررہے ہیں جس کے بارے میں ہم تحقیقات کررہے ہیں اور بہت جلد اس سے لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کے مسائل پر اپنی توجہ پوری طرح مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل قریب میں فیس بک اپنی اینڈرائیڈ ایپ میں اس مسئلے کے حل پر توجہ مرکوز کرے گی۔