ایمز ٹی وی (صحت) کیا آپ نے کبھی کسی ایسے شخص کو دیکھا ہے جس کے کان کے باہر ایک چھوٹا سا سوراخ ہو ؟ درحقیقت دنیا بھر میں متعدد افراد اس کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ مگر یہ ہے کیا اور اس سے کوئی نقصان تو نہیں ہوتا ؟ ایسے سوراخ کو طبی زبان میں preauricular sinus کہا جاتا ہے اور یہ پیدائشی ہوتا ہے۔ یہ کان کے باہری حصے میں کسی بھی جگہ ہوسکتا ہے تاہم عام طور پر یہ اس جگہ ہوتا ہے جہاں چہرہ اور کان کی ہڈی ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ تیکنیکی طور پر یہ ایک پیدائشی نقص ہوتا ہے جس کا پہلا کیس 1864 میں طبی دستاویزات کا حصہ بنا تھا۔
طبی ماہرین کے مطابق کان کے باہر یہ سوراخ ہونا کوئی بڑی بات نہیں۔ تاہم اگر یہ سوراخ انفیکشن کی زد میں آجائے یا اس میں فاسد مادہ جمع ہوجائے تو پھر اس کا علاج ضروری ہوجاتا ہے۔ اس کے لیے یا تو اس کی صفائی کی جاتی ہے یا اسے مکمل طور پر ختم کردیا جاتا ہے۔ امریکا اور یورپ میں ایک سے نو فیصد آبادی کان کے اس سوراخ کے ساتھ پیدا ہوتی ہے جبکہ تائیوان میں یہ شرح ڈھائی فیصد ہے۔ تاہم کچی افریقی ممالک میں 10 افراد اس پیدائشی نقص کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اکثر یہ سوراخ ایک سے دوسری نسل میں منتقل ہوتا رہتا ہے اور یہ ایک یا دونوں کانوں میں ہوسکتے ہیں۔ تاہم ایک تحقیق کے مطابق اکثر یہ دائیں کان پر نظر آتے ہیں۔