ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)موبائل فون کے ذریعے جدید 360 ویڈیو بنانے والے کیمرے اب تک بہت مہنگے ہیں جن کی قیمت 300 ڈالر (30 ہزار پاکستانی روپوں) کے لگ بھگ ہے لیکن ’’انسٹا 360 ایئر‘‘ اس سے کہیں کم قیمت میں اسی معیار کی 360 ویڈیو بنانے کی سہولت فراہم کرے گا۔
اس کیمرے کا ایک ورژن پہلے ہی ایپل آئی فون کے لیے ’’انسٹا 360 نینو‘‘ کے نام سے دستیاب ہے جب کہ اس کا اگلا ورژن اینڈروئیڈ فونز کے لیے ہوگا جس کی تمام صلاحیتیں انسٹا 360 نینو جیسی ہی ہوں گی البتہ وہ صرف 99 ڈالر سے 119 ڈالر تک میں خریدا جاسکے گا۔
انسٹا 360 ایئر کے ذریعے اینڈروئیڈ اسمارٹ فون صارفین نہ صرف 360 ویڈیو کلپس ریکارڈ کرسکیں گے بلکہ وہ انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہِ راست (لائیو) نشر بھی کرسکیں گے۔ یہ2K اور 3K معیار کی 360 ویڈیوز بناسکتا ہے یعنی ان کا معیار HD سے زیادہ لیکن 4K سے کچھ کم ہوگا۔
360 ویڈیو بنانے کے لیے اس میں 2 چھوٹے چھوٹے کیمرے ایک دوسرے سے مخالف سمتوں میں نصب ہیں جب کہ اس کا سافٹ ویئر نہ صرف ان دو علیحدہ علیحدہ ویڈیوز کو ایک دوسرے سے منسلک کرتا ہے بلکہ ویڈیو بناتے دوران آنے والے جھٹکوں سے پیدا ہونے والی دھندلاہٹ کم کرکے ویڈیو کا معیار برقرار رکھ سکتا ہے۔