ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ماضی میں موبائل فونز کی دنیا میں راج کرنے والی کمپنی ”نوکیا“ نے اب سمارٹ فونز کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے اور اپنا پہلا سمارٹ فون متعارف کرا کر دھماکے دار اینٹری کے ذریعے حریف کمپنیوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
گزشتہ سال نوکیا نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایچ ایم ڈی گلوبل کے ساتھ مل کر سمارٹ فونز کی دنیا میں قسمت آزمائی کرے گی اور اب اس نئی پارٹنرشپ کے تحت پہلا سمارٹ فون بھی منظرعام پر آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق Nokia 6 کا آج پہلا تعارف ہوا ہے جو ایلومینیم سے بنا ایک خوبصورت سمارٹ فون ہے۔
5.5 انچ سکرین سائز کے حامل اس سمارٹ فون کی ریزولوشن 1920*1080 ہے اور اسے کے پیچھے کی جانب 16 میگاپکسل کیمرہ اور آگے کی جانب 8 میگاپکسل کیمرہ نصب کیا گیا ہے۔ نوکیا 6 میں سنیپ ڈریگون 430 پراسیسر لگایا گیا ہے اور اس کی ریم 4 جی بی جبکہ اس کی سٹوریج 64 جی بی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمپنی نے اس میں ڈوئل ایمپ بھی استعمال کیا ہے جس کے باعث دیگر سمارٹ فونز کی نسبت اس کی آواز زیادہ، بیس بہترین اور شفافیت زبردست ہو گی۔ یہ سمارٹ فون جلد ہی چین کے معروف سٹور JD.com پر فروخت کیلئے پیش کر دیا جائے گا جس کی قیمت 246 امریکی ڈالر (25780 پاکستانی روپے) ہو گی۔
قیمت کی مناسبت سے اگر دیکھا جائے تو یہ سمارٹ فون دیگر کمپنیوں کو زبردست مقابلے کی ٹکر دینے والا ہے۔ بہترین ایلومینیم سے تیار کردہ اس فون کا ہارڈوئیر بھی زبردست ہے اور سب سے بڑھ کر اس کے ”ماتھے“ پر نوکیا لکھا ہے جو ایک وقت میں کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی جاری ہونے والی تمام تفصیلات دیکھ کر تو ایسا لگتا ہے کہ کمپنی اس شعبے میں ایک بار پھر کچھ کر دکھانے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن یہ فون کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور لوگوں کو کیسا لگے گا اس کا فیصلہ تو لانچ ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا