ایمز ٹی وی(صحت) راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں اور محکمہ صحت کے پاس موجود44 ایمبولینسوں میں سے 10ناکارہ ہوچکی ہیں۔ جبکہ34 ایمبولینسوں کیلئے35ڈرائیورز ہیں۔جو عمر رسیدہ ہوچکے ہیں۔اس بات کا انکشاف پیر کو سرکاری ایمبو لینسز ریسیکو ڈبل ون ڈبل ٹو کے حوالے کرنے اور ایمبولنسوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے ڈی سی راولپنڈی طلعت محمود گوندل کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ ایمبو لینسز کی رجسٹریشن کے بعد ٹریفک پولیس اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے ذمہ دار ہوں گے۔جس کی ڈیڈلائن15جنوری گزر چکی ہے۔اب تک 20فارم تقسیم ہوسکے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام سرکاری ایمبولینسز اب ریسیکو ڈبل ون ڈبل ٹو کے حوالے کی جائیں گی جو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال تک منتقلی کیلئے سروس پرووائیڈرز کاذمہ دار ہوگا۔ اس حوالےسے ایک اجلاس لاہور میں بھی ہوگا جس میں اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اسی ایمبولینس کی رجسٹریشن ہوگی جو ریسیکو ڈبل ون ڈبل ٹو کے پاس رجسٹرڈ ہوگی۔ورنہ اس کو روڈ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔تمام این جی اوز،فلاحی ادارے ،نجی مالکان اور سرکاری اداروں کے پاس موجود ایمبولینسز کی رجسٹریشن ہوگی۔ذرائع کے مطابق ایمبولینس رجسٹریشن کیلئے ڈیڈلائن گزرنے کے بعد امکان ہے کہ اس کی تاریخ میں30جنوری تک توسیع کردی جائے گی۔ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے پاس موجود سرکاری ایمبولینسز کو ریسیکو سروس کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔اس کیلئے تمام ہسپتالوں میں ڈیسک بھی قائم کئے جائیں گے۔