ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف کمپنی ٹویوٹا نے اپنی ایک اور کانسیپٹ گاڑی آئی ٹی آر آئی ایل متعارف کرا دی ہے جو اس کے خیال میں 2030 تک سڑکوں پر دوڑتی نظر آئے گی۔
یہ الیکٹرک اور خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی گاڑی جنیوا میں منعقدہ موٹر شو کے دوران پیش کی گئی۔
بالکل ہی منفرد ڈیزائن کی اس گاڑی کو چلانے کے لیے اس میں ایک الیکٹرک موٹر دی گئی ہے جو اس کے پچھلے پہیوں کو چلنے میں مدد دیتی ہے۔
ٹویوٹا کو توقع ہے کہ یہ چارج ہونے پر 124 میل تک سفر کرسکے گی اور اگرچہ یہ زیادہ تیزرفتار تو نہیں ہوگی مگر اس میں سفر کا تجربہ پرلطف ثابت ہوگا۔
اس کے اگلے پہیے دس ڈگری تک پتلے ہوسکتے ہیں جبکہ پچھلے ٹائرز روڈ پر اپنی شکل برقرار رکھیں گے۔
تاہم اگلے پہیوں کی شکل میں تبدیلی کے نتیجے میں اسے 25 ڈگری کے زاویئے پر بھی ڈرائیو کیا جاسکے گا اور تنگ جگہوں سے گزرنا بھی ممکن ہوجائے گا۔
اس میں کوئی گیج یا پیڈل نہیں بلکہ تمام ضروری معلومات اس میں لگائے گئے ڈسپلے میں نظر آئیں گی جبکہ ہاتھوں سے بریکس وغیرہ لگائے جاسکیں گے اور وہ بھی اس صورت میں جب خودکار ڈرائیونگ کا فیچر استعمال نہ کیا جائے۔
اس کی باہری باڈی ری سائیکل میٹریل سے تیار کی گئی ہے اور دیکھنے میں یہ گاڑی نہیں لگتی۔