ایمزٹی وی(صحت)فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن اور سایہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے باہمی اشتراک سے " اینٹی بائیوٹک اور مہلک بیماریوں کا علاج" کے عنوان پر منعقدہ آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلیٰ فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹرزین الحسین نے کہاکہ ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق ہر سال ایک لاکھ پچاس ہزار ٹی بی کے مریض قوت مدافعت رکھنے والے جراثیم کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں لہذا فارماسسٹ کمیونٹی فارمیسی اور کلینکل فارمیسی پریکٹس سے عوام پر شعور اجاگر کریں کہ انفیکشن پیدا کرنے والے بیکیٹریاکی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے لہذا اینٹی بائیوٹیک کی نئی اقسام کو متعارف کرانا بہت ضروری ہے۔
مہمان خصوصی ایم ایس آئی زیڈاے اسپتال ناظم آباد ڈاکٹر کیپٹن رضاعلی نے کہاکہ اینٹی بائیوٹک بنیادی طور پر وہ کیمیاوی عناصر ہیں جو مہلک بیماریوں کا سبب بننے والے بیکیٹریاکی انسانی جسم کے اندرنشونما پانے کی صلاحیت کومسدودکرتے ہیں یا مکمل طور پر جراثیم کا خاتمہ کردیتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین سایہ ویلفیئرآرگنائزیشن ڈاکٹر تسنیم زیدی، سیکریٹری فارمیسی کونسل سندھ ڈاکٹر تنویر احمد صدیقی، ڈاکٹر امر علی، ڈاکٹر یسرح خان اور ڈاکٹر خاورخالد نے بھی اظہار خیال کیا۔