ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)سام سنگ نے اعلان کیا ہے کہ اس کا فلیگ شپ اسمارٹ فون، گیلکسی ایس نائن اگلے ماہ پیش کیا جائے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق کمپنی کے صدر ڈی جے کوہ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد ہی نیا موبائل سیٹ لانچ کریں گے تاہم انہوں نے اس کی حتمی تاریخ نہیں دی۔ امکان ہے کہ نئے اسمارٹ فون کو موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) کی سالانہ کانفرنس میں لانچ کیا جائے گا جو اگلے ماہ اسپین کے شہر بارسلونا میں منعقد ہورہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق گیلکسی ایس نائن کے ساتھ گیلکسی ایس نائن پلس بھی منظرِعام پرلایا جائے گا۔ اس سے قبل سام سنگ نے گیلکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس فون پیش کیے۔ ان دونوں ماڈلوں کے ڈیزائن اور کیمرے کو پسند کیا گیا تھا اور اسی کے ساتھ صارفین نے گیلکسی نوٹ سیون کے واقعے کو بھی بھلادیا تھا جس کی بیٹریاں پھٹنے کے کئی واقعات دنیا بھر میں رونما ہوئے تھے اور اس کے بعد نہ صرف گیلکسی نوٹ سیون کو واپس لینا پڑا بلکہ اس سے کمپنی کی ساکھ بھی شدید متاثر ہوئی تھی۔
تاہم سام سنگ کے نئے فون کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں۔ خیال ہے کہ شاید کیمرے کے نیچے موجود فنگر پرنٹ سینسر کی جگہ تبدیل کی جائے گی جو صارفین کو پریشان کررہی ہے اور اسے بہتر جگہ لگایا جائے گا۔ ڈی جے کوہ نے کہا ہے کہ وہ 2018 میں فولڈیبل فون لارہا ہے جو کئی لحاظ سے صارفین کےلیے ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم فولڈیبل کا درست مطلب اب تک واضح نہیں ہوسکا ہے۔
واضح رہے کہ ایم ڈبلیو سی کا سالانہ میلہ 26 فروری سے یکم مارچ تک جاری رہے گا۔