ایمز ٹی وی(صحت) امریکی ماہرین نے ایک سروے کے بعد کہا ہے کہ ڈارک چاکلیٹ کھانے کے جہاں دیگر بہت سے فوائد ہیں وہیں یہ جسم کی اندرونی جلن اور ذہنی تناو¿ کو بھی کم کرتی ہے۔
گہرے رنگت والی چاکلیٹ میں کوکوا (Cocoa) کی مقدار 70 فیصد تک ہوتی ہے جبکہ عام چاکلیٹ میں کوکوا کی مقدار کم پائی جاتی ہے۔ کوکوا، لوبیا جیسا ایک بیج ہوتا ہے جسے پیس کر اس کے سفوف سے چاکلیٹ بنائی جاتی ہے۔ اس کی کڑواہٹ دور کرتے وقت اس میں مٹھاس اور شکر شامل کی جاتی ہے۔
سان ڈیاگو میں منعقدہ تجرباتی حیاتیات کی تنظیم کے اجلاس برائے 2018 میں لوما لنڈا یونیورسٹی کے ایک ماہر پروفیسر لی ایس برک نے بتایا کہ ڈارک چاکلیٹ موڈ، یادداشت، اور جسمانی دفاعی نظام کو بہتر کرتے ہوئے جسم کے اندر جلن (سوزش) کو بھی دور کرتی ہے۔
چاکلیٹ کے انسانی دل، گردوں اور یادداشتی نظام پر کی جانے والی یہ پہلی تحقیق بھی ہے جس سے معلوم ہوا کہ چاکلیٹ میں بہت سے مفید فلیوینوئیڈز پائے جاتے ہیں جو ہمارے جسم پر بہت مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔
پروفیسر لی ایس برک نے بتایا کہ گہری چاکلیٹ میں دل اور دماغ کے محافظ اینٹی آکسیڈنٹس کی وسیع مقدار موجود ہوتی ہے۔ دوسری جانب کوکوا میں انسانی دفاعی نظام کو درست رکھنے، دماغی سگنل بڑھانے اور حسیات کو بہتر کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہوتی ہے۔
اس میں موجود سائٹوکائنز، ٹی خلیات کو طاقتور کرنے سمیت پیٹ، سینے یا دیگر اعضاءمیں جلن کو دور کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں دماغی خلیات کے درمیان لچک بڑھانے میں بھی چاکلیٹ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس دریافت کے بعد ماہرین نے کہا ہے کہ اپنی غذا میں گہرے رنگت والی چاکلیٹ بڑھانے سے کئی اہم فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔