جمعہ, 22 نومبر 2024


جاپانی کمپنی نے الیکٹرانک عینک متعارف کروادی

جاپانی کمپنی نے ازخود فوکس ہونے والی عینک تیار کی ہے جاپانی کمپنی ٹچ فوکس نے ایسی جدید اور اسمارٹ عینک بنائی ہے جو صرف ایک ٹچ پر کبھی قریب تو کبھی دور کے چشمے میں بدل جاتی ہے۔ اس چشمے کی بدولت آپ کو قریب اور دور کی الگ الگ عینک کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی اور ایک ہی عینک آپ کےلیے کافی رہے گی۔

اس سے قبل ایک اور کمپنی پکسل آپٹکس نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایسے الیکٹرونک چشموں پر کام کررہی ہے جو نہ صرف دور اور قریب کی نظروں کےلیے کافی ہے بلکہ کئی نمبروں کے لحاظ سے ایک بٹن دبانے پر فوکس ہوسکتے ہیں۔ اس کمپنی کے ذکر کے باوجود اب تک ان کی کوئی مصنوعات منظرِ عام پر نہ آسکیں۔

تاہم جاپان کی اس کمپنی نے پکسل آپٹکس کے کام کو وہیں سے شروع کیا جہاں سے وہ تھم گیا تھا۔ ٹچ فوکس کمپنی کی عینک میں کنپٹی کے پاس ایک بٹن نصب ہے جو لیکوئڈ کرسٹل سسٹم استعمال کرتا ہے۔

اس عینک کو 20 مختلف فریموں میں پیش کیا جارہا ہے۔ عینک کے عدسے مائع قلموں (لیکویڈ کرسٹلز) پر مشتمل ہیں جو دور کی نظر اور مطالعے کے چشمے میں ڈھل جاتے ہیں۔

عینک یوایس بی سے چارج ہوتی ہے اور صرف استعمال کے وقت بجلی خرچ کرتی ہے۔ تاہم اس کی قیمت بہت زیادہ رکھی گئی ہے جو 2200 ڈالر کے لگ بھگ ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment