ھفتہ, 20 اپریل 2024


اب موبائل فون پودے سے چارج کریں

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)سائنس اور ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقی کی بدولت غیرروایتی ذرائع سے توانائی حاصل کرنے کے لیے منفرد آلات ایجاد کیے جارہے ہیں۔

چلی میں نوجوان انجنیئروں نے ایسا آلہ ایجاد کرلیا ہے جو گملے میں اُگے ہوئے پودے سے توانائی حاصل کرکے اسے بجلی میں تبدیل کرسکتا ہے! بجلی کی مقدار اتنی ہوتی ہے کہ اس سے موبائل فون بہ آسانی چارج ہوجاتا ہے۔ درحقیقت یہ آلہ موبائل فون چارجر ہی ہے جو پودے سے حاصل کردہ توانائی کو برقی رَو میں بدل دیتا ہے۔ تین انجنیئروں نے یہ موبائل فون چارجر چھے سال کی محنت کے بعد تیار کیا ہے۔ موبائل چارجر کو E-Kaia کا نام دیا گیا ہے۔

E-Kaia پودوں سے بجلی بنانے والی پہلی ڈیوائس نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی اس نوع کے آلات بنائے جاچکے ہیں مگر وہ زیادہ مؤثر نہیں تھے۔ موبائل فون ان سے بھی چارج ہوجاتا تھا ،مگر وہ اتنی توانائی کم از کم 100مربع میٹر میں لگے ہوئے پودوں سے حاصل کرتے تھے۔ بہ الفاظ دیگر وہ اتنے رقبے میں لگے ہوئے پودوں سے موبائل چارج کرتے تھے، تاہم E-Kaia یہ کام محض ایک ہی پودے سے کرسکتا ہے۔ یہ ایک مستطیل ڈبے نما ڈیوائس ہے جس کے ایک سرے پر بایوسرکٹ اور دوسرے پر آؤٹ پُٹ موجود ہے۔ بایوسرکٹ والا سِرا مٹی میں دبا دیا جاتا ہے اس طرح کے پودے کی جڑ اور پتّے اس سے مَس ہوتی رہیں۔ پودے سے کشید کی جانے والی توانائی 5 وولٹ اور 600 ملی ایمپیئرز تک پہنچ جاتی ہے۔ اتنی مقدار میں توانائی کی آمد موبائل فون کو ڈیڑھ گھنٹے میں چارج کردیتی ہے۔ یہ وقت کم وبیش اتنا ہی ہے جتنا ایک عام چارجر موبائل فون چارج کرنے میں لیتا ہے۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ اس ڈیوائس سے پودے کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔

E-Kaia پیٹنٹ کرائے جانے کے مراحل میں ہے،اسی لیے اس میں استعمال کردہ ٹیکنالوجی کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ E-Kaia کے تخلیق کاروں میں شامل ایولن ایراوینا کا کہنا ہے کہ وہ اور اس کے ساتھی اپنی ایجاد کو طاقت وَر بنانے پر بھی کام جاری رکھے ہوئے ہیں، کیوں کہ ابتدائی طور پر یہ آلہ ایل ای ڈی ز اور موبائل فون کے لیے برقی توانائی مہیا کرسکتا ہے۔ ایولن کے مطابق اگلے مرحلے میں اسے پودوں اور درختوں سے نسبتاً بڑے آلات کو بجلی کی فراہمی کے قابل بنایا جائے گا۔ ایولن کے مطابق ان کی ایجاد دنیا میں اپنی نوعیت کی واحد ایجاد ہے، اس لیے اس میں بہتری کی خاصی گنجائش موجود ہے۔

E-Kaia بالخصوص بجلی کی قلت کا شکار خطوں میں رہنے والوں کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں ہوگا جہاں لوڈشیڈنگ کے باعث موبائل فون چارج کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment