کیلفورنیا: اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ بنانے والی مشہور کمپنی ایپل نے اعتراف کیا ہے کہ اس کی 13 انچ میک بک پرو (بغیر ٹچ بار کے) اور آئی فون ایکس میں کچھ ہارڈویئر مسائل ہیں، سب سے پہلے بلومبرگ ویب سائٹ نے اس پر ایک مضمون شائع کیا تھا جس کے ردِعمل میں کمپنی کا اعتراف سامنے آیا ہے۔
ایپل نے کہا ہے کہ میک بک پرو اور آئی فون ایکس میں ڈسپلے اسکرین پر ٹچ کے مسائل سامنے آئے ہیں جو کچھ اس طرح ہیں: جیسے ہی کوئی اسکرین پر ٹچ کرتا ہے تو اسکرین یا اس کا کچھ حصہ اس کا ردِعمل نہیں دیتا اور جامد ہوجاتا ہے۔ دوسری جانب نہ چھونے کے باوجود بھی اسکرین تبدیل ہوتی ہے اور ہدایات پر عمل کرتی ہے۔ ایپل نے مزید کہا ہے کہ جن افراد کے آئی فون ایکس اور میک بک پرو میں ایسے مسائل سامنے آرہے ہیں وہ مجاز اسٹور سے مفت میں اسے تبدیل کروا کر نیا فون یا میک بک پرو حاصل کرسکتے ہیں۔ اس سے قبل بھی ایپل کے صارفین کئی آن لائن پلیٹ فارمز پر مصنوعات کی خرابی کی شکایت کرچکے تھے۔ 2016
ءمیں بھی آئی فون 6 پلس میں ٹچ اسکرین کے عین ایسے ہی مسائل سامنے آئے تھے اور ایپل نے اس وقت یہ مسئلہ حل کرنے کے لیے صارفین سے 149 ڈالر کی رقم مانگی تھی۔ 13 انچ والی میک بک پرو کی فروخت جون 2017ءمیں شروع کی گئی تھی اور دوبارہ جون 2018ء میں اسے بیچا گیا تو معلوم ہوا کہ اس میں ڈیٹا ضائع ہورہا ہے اور ہارڈ ڈرائیو بھی فیل ہورہی ہے پھر کمپنی نے اس کی مرمت کی مفت پیشکش کی تھی۔