ھفتہ, 23 نومبر 2024


گوگل نے انسانی زندگی آسان بنادی

 

سان فرانسسکو(نیوز ڈیسک)کسی سوال کا جواب چاہیے، کہیں جانے کا راستہ معلوم نہیں، کسی چیز کا بھاؤمعلوم کرنا ہے، یا کوئی چیز خریدنی ہے، گوگل حاضر ہے۔ ہماری زندگی کا وہ کون سا کام ہے جس میں گوگل مدد فراہم نہیں کرتا۔ تو یہ کیسے ہو سکتا تھا کہ صبح آپ کو بروقت جگانے، اور آپ کے کمرے کے ساتھ دماغ کی بھی بتی جلانے میں گوگل کسی طرح پیچھے رہ جاتا۔ تو اگر آپ بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جنہیں صبح وقت پر بیدار ہونا پہاڑ جیسا مشکل دکھائی دیتا ہے تو اب مزید پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،

بس گوگل کے اس نئے اسسٹنٹ کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیجئے۔گوگل کی جانب سے یہ نیا اسسٹنٹ متعارف کروایا جا چکا ہے جو لوگوں کو زندگی کی روٹین درست رکھنے میں حیرت انگیز مدد فراہم کرتا ہے۔ آپ نے کس وقت جاگنا ہے ، کس وقت لائٹس آن ہونی چاہیے، کس وقت آپ میوزک سننا چاہتے ہیں ، کس وقت آپ سونا چاہتے ہیں ، یہ اس طرح کے ہر معاملے میں آپ کی معاونت کرے گا۔ اسے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے متعارف کروایا جا چکا ہے اور کلاک ایپ کے ذریعے اس کا استعمال کیاجا سکتا ہے۔اس کے ذریعے آپ ایک ہی کمانڈ کو استعمال کرتے ہوئے متعدد اقسام کے ٹاسک سیٹ کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ اسے صرف یہ کہیں ” گوگل ، گڈ مارننگ “تو یہ آپ کے کمرے کی لائٹس آن کر دے گا ، کافی مشین آن کردے گا ، اور آپ کو خبریں پڑھ کر سنانا شروع کر دے گا۔

آپ جس ایپ کے ذریعے الارم لگاتے ہیں اسی میں آپ کو ”گوگل اسسٹنٹ روٹین“ کی آپشن بھی دستیاب ہوگی۔ اسے آپ گھر کے مختلف قسم کے آلات کے ساتھ منسلک کر سکتے ہیں جس کے بعد یہ آپ کی روٹین کو دیکھتے ہوئے سمجھ جائے گا کہ کس وقت لائٹیں آن کرنی ہیں ، کس وقت میوزک آن کرنا ہے ، کس وقت ٹی وی اور کافی مشین آن کرنی ہے ، کس وقت آپ کو انٹرنیٹ کی مختلف ویب سائٹوں سے آپ کی مرضی کا مواد اکٹھا کر کے دکھانا ہے ، وغیرہ وغیرہ۔ یہ مصنوعی ذہانت سے لیس سافٹ ویئر ہے جو آپ کی روز مرہ کی عادات کا خود بھی اندازہ لگا سکتا ہے اور ضروری نہیں کہ ہر بات کی کمانڈ دینا پڑے یہ بہت سی باتوں کو خود بھی سمجھ لیتا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment