کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کی جانب سے ماہی گیروں کے لیے ’آس‘ (Anytime Anywhere At sea Assistance)نامی موبائل ایپلیکیشن متعارف کی گئی ہے تاکہ انہیں سمندر میں کسی بھی جگہ بر وقت مدد فراہم کی جاسکے۔ ’آس‘ ایپ کشتیوں کی نگرانی کرنے کے لیے بنائی گئی ہے جس کی مدد سے متعلقہ اداروں کو فوری پیغام بھیجا جاسکتا ہے اور سمندر میں ہونے والی ڈکیتی، بیرونی مداخلت، دھمکی، غیر قانونی ماہی گیری اور دیگر ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا جاسکتا ہے۔ اس ایپ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں اردو، سندھی، انگریزی اور بلوچی زبان کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ ماہی گیروں کو سمندری حدود یا ساحل پر جہاں انہیں موبائل سگنلز میسر ہوں گے وہاں سے وہ کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال سے متعلق میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کو بروقت اطلاع دیں سکیں گے۔ ایپ کے حوالے سے وائس چیف آف نیول وائس ایڈمرل کلیم شوکت کا کہنا تھا کہ ماہی گیروں اور کشتیوں کی حفاظت میری ٹائم سکیورٹی کی ذمہ داری ہے، ایپ کی مدد سے سمندر میں ماہی گیروں کی صورتحال سے آگاہ ہونا آسان ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ’آس‘ آن لائن ایپلیکیشن کشتیوں کی مانیٹرنگ کا نیا نظام ہے جس کے ذریعے ماہی گیروں تک فوری طور پر مدد کے لیے پہنچا جاسکے گا۔ دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل میری ٹائم سکیورٹی رئیر ایڈمرل ذکاءالرحمان کا کہنا ہے کہ ایپلی کیشن کی مدد سے پی ایم ایس اے اور پاکستانی نیوی کو کم ترین دورانیے میں مختلف امدادی کارروائیوں کی صلاحیت حاصل ہوگی۔