مانیٹرنگ ڈیسک: معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے حال ہی میں اپنا نیا فون آئی فون 11 اور 11 پرو متعارف کروایا تھا جو ریکارڈ توڑ تعداد میں فروخت ہوا جس کے بعد کمپنی کی جانب سے آئی فون 11 کی پیداوار میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔
Nikkei Asian Review کے مطابق ایپل کمپنی نے اپنے سپلائرز سے کہا ہے کہ وہ اپنے آئی فون 11 کی پیداوار میں 10 فیصد تک اضافہ کریں جو تقریباً 8 ملین یونٹس ہے۔
کمپنی کے آؤٹ لیٹ کا دعویٰ ہے کہ ایپل نے یہ فیصلہ خریداروں کی جانب سے نئے آئی فونز کے پُر زور مطالبے کے بعد کیا ہے۔
اس سے قبل کمپنی آرڈر دینے کے حوالے سے کافی محدود تھی لیکن اب کسٹمرز کے اضافے کے بعد آئی فون کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہوگی۔
ایپل کمپنی کے مطابق آؤٹ لیٹ کا دعویٰ ہے کہ سستے ماڈل کے فون جن میں آئی فون 11 اور آئی فون 11 پرو شامل ہے، ان کی مانگ میں بے حد اضافہ ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ آئی فون 11 پرو میکس توقع سے قدرے کم فروخت ہورہا ہے جس کی وجہ سے ان فون کی پیداوار کو گھٹانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کے گزشتہ دنوں ایپل نے اپنی سالانہ تقریب میں آئی فون 11 اور تین کیمروں پر مشتمل 11 پرو اور 11 پرو میکس سمیت دیگر مصنوعات متعارف کروائی تھیں، نئے آئی فون ماڈلز کو پہلے سے بہتر اور تیز ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیاتھا۔