ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی) اگر آپ اپنے فون یا کیمرے میں اسٹوریج کی کمی کا شکار رہتے ہیں تو اب یہ مسئلہ ختم ہونے کو ہے کیونکہ سام سنگ نے دنیا کا ناصرف بہترین بلکہ سب سے زیادہ گنجائش رکھنے والا مائیکرو ایس ڈی کارڈ متعارف کرا دیا ہے۔ سام سنگ نے اس نئے میموری کارڈ کو ایوو پلس کا نام دیا ہے جس میں 256 جی بی کی گنجائش موجود ہے۔ یعنی اس میں بارہ گھنٹے کی الٹرا ایچ ڈی وڈیو اور 55 ہزار تصاویر محفوظ کی جا سکتی ہیں۔ اگر آپ مسلسل فوٹو گرافی کرنا چاہتے ہیں تو اس کارڈ کی موجودگی میں بار بار ڈیٹا منتقلی کے لیے میموری کارڈ کو نکالنے سے نجات مل جاتی ہے۔ اس کی رفتار کا بھی کوئی مقابل نہیں کیونکہ اس میں آپ کو 95 ایم بی فی سیکنڈ کی ریڈ اور 90 ایم بی فی سیکنڈ کی رائٹ اسپیڈ ملے گی۔ اس کارڈ کو استعمال کرنے کے لیے آپ کے فون میں مائکرو ایس ڈی ایکس سی کی سپورٹ موجود ہونی چاہیے۔ یہ ایس ڈی کارڈ چند ہفتوں بعد دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایوو پلس میں چار ایسے اضافی منفرد فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو اسے لمبے عرصے تک کارآمد رکھنے کی ضمانت ثابت ہوں گے۔ مثلاً یہ واٹر پروف ہے یعنی یہ پانی سے خراب نہیں ہوتا، اسے زیادہ درجہ حرارت سے بھی نقصان نہیں پہنچتا، یہ ایکسرے پروف ہونے کے علاوہ مقناطیسی شعاعوں سے بھی خراب نہیں ہوتا۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ سام سنگ کی جانب سے اس کی دس سال کی وارنٹی بھی دی جائے گی۔ ان تمام خوبیوں کے باعث یہ ایس ڈی کارڈ بلاشبہ اپنی نوعیت کا سب سے بہترین میموری کارڈ ثابت ہو گا۔
سام سنگ نے نیا مائیکرو ایس ڈی کارڈ متعارف کرا دیا ہے
- 17/05/2016
- K2_CATEGORY صحت و ٹیکنالوجی
- 1728 K2_VIEWS
Leave a comment