ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)انٹرنیٹ پر تلاش کے لیے سب سے زیادہ گوگل سرچ انجن استعمال ہوتا ہے۔ کسی کے گمان میں بھی نہیں ہوتا کہ گوگل کی من مانی پر تلاش کے نتائج میں ہیر پھیر بھی ہو سکتا ہے۔ گزشتہ ماہ یورپیئن کمیشن گوگل کے آپریٹنگ سسٹم اینڈروئیڈ پر ناقابل اعتماد ہونے کا الزام عائد کر چکا ہے اور اب گوگل سرچ انجن بھی الزامات کی زد میں ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے آن لائن سرچ انجن پرالزام ہے کہ وہ اپنے فائدے کی خاطر کئی آن لائن دکانوں کی ویب سائٹس کو نتائج میں اوپر دکھاتا ہے۔ گوگل کئی قانونی جنگیں لڑتا رہا ہے لیکن یہ پہلی بار ہے کہ اس کا سرچ انجن زیر تحقیقات ہو۔ اگر کمیشن کے الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو اس کے نتیجے میں گوگل کو 3 ارب ڈالر تک بھاری بھرکم جرمانہ ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے اس سے قبل سب سے بڑا جرمانہ انٹل پر عائد ہوا تھا جس کی مالیت ایک ارب 25 کروڑ ڈالر تھی۔ کمیشن اس حوالے سے اپنا فیصلہ اگلے چند دنوں میں سنائے گا۔