ایمز ٹی وی (واشنگٹن) امریکی صدارتی نامزدگی کے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر وہ صدر منتخب ہوگئے تو امریکا اور بھارت ’پکے دوست‘ بن جائیں گے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ری پبلکن ہندو اتحاد کی جانب سے دہشت گردی کے متاثرین کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے کی تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ امریکا کے صدر منتخب ہوئے تو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارت کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کو فروغ دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر میں صدر بنا تو یقین دلاتا ہوں کہ بھارتی اور ہندو کمیونٹی وائٹ ہاؤس میں ایک سچا دوست ملے گا‘۔ واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے موجودہ امریکی صدر براک اوباما سے بھی دوستانہ تعلقات استوار کررکھے ہیں تاہم صدر اوباما ٹرمپ کے مقابلے میں ڈیموکریٹک رہنما ہیلری کلنٹن کی حمایت کرتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ ’جب میں صدر ہوں گا تو ہم مل کر دہشت گردی کو شکست دیں گے ، ہم بھارت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور خفیہ معلومات کا تبادلہ کرکے باہمی طور پر اپنے لوگوں کو محفوظ رکھیں گے‘۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو اہم اسٹریٹجک اتحادی قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ صدر بن گئے تو بھارت سے تعلقات مزید مضبوط کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکا میں صداتی انتخاب 8 نومبر کو ہوں گے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ پر خواتین کی جانب سے لگائے جانے والے دست درازی کے الزامات اور متنازع وڈیو سامنے آنے کے بعد متعدد ری پبلکن رہنما ان کی حمایت سے دستبردار ہوگئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وڈیو میں خواتین کے حوالے سے نازیبا باتیں کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا جبکہ اسے ٹرمپ کی 16 ماہ کی انتخابی مہم کا سب سے بڑا تنازع قرار دیا جارہا ہے جس نے ٹرمپ اور ری پبلکن پارٹی کی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اختلافات مزید گہرے کردیے ہیں۔