ایمز ٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے رکن ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ کو گرفتار کرلیا گیا، ندیم نصرت کہتے ہیں کہ استحکام پاکستان ریلی کے بعد سے کارکنان کی گرفتاریوں میں تیزی آئی ہے۔
ایم کیو ایم کے کنوینر کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’ساتھی اسحاق کی گرفتاری توہین عدالت ہے، استحکام پاکستان ریلی کے اعلان کے بعد سے کارکنان کی گرفتاریوں میں شدت آرہی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی پرامن سیاسی و جمہوری سرگرمیوں پر قدغن لگائی جارہی ہے جبکہ کالعدم تنظیموں کو ملک بھر میں جلسہ جلوس کرنے کی نہ صرف اجازت ہے بلکہ وزیر داخلہ اُن جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔
ندیم نصرت نے اپیل کی کہ ایم کیو ایم پر عائد غیر اعلانیہ اور غیر قانونی پابندیوں کو فوری ختم کیا جائے، انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی ساتھی اسحاق کی گرفتاری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
اس سے قبل رینجرز نے کراچی یونیورسٹی میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ ڈپٹی رجسٹرار عارف حیدر کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ آخری اطلاعات آنے تک عارف حیدر کی گرفتاری کی وجوہات کا معلوم نہیں کرسکی