ھفتہ, 23 نومبر 2024


برہانی وانی کی پہلی برسی ،ریلیوں کوروکنے کے لئے بھارتی فورسزکی سازش بے نقاب

 

ایمزٹی وی (سری نگر)مقبوضہ کشمیر میں شہید کمانڈر برہان وانی کی پہلی برسی کے سلسلے میں احتجاجی مظاہروں کے ڈر سے بھارتی قابض فورسز نے پہلے ہی کشمیری شہریوں پر پابندیاں نافذ کرنا شروع کردیں، حریت رہنمائوں اور نوجوانوں کی گرفتاریوں کا بھی فیصلہ کرلیا جبکہ گزشتہ روز سری نگر میں بھی کرفیو جیسی پابندیاں نافذکیے رکھیں اورسرکاری اہلکار شہریوں کو زیریں علاقے نوہٹہ جانے سے روکتے رہے۔
دوسری طرف بھارتی پولیس نے برہان مظفر وانی کی شہادت کی پہلی برسی پر جاری کردہ احتجاجی پروگراموں کو ناکام بنانے کیلیے حریت رہنمائوں، کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا، برہان مظفر وانی کے والد مظفر احمد وانی کو بھی ترال تھانے سے ٹیلی فون کرکے تھانے طلب کیا گیا۔ بھارتی فوجیوں نے سری نگر جموں ہائی وے پر بانیہال کے مقام پر فوجی قافلے کو اوورٹیک کرنے والے انجینئرنگ کے کشمیری طالب علم معظم بشیر وانی کو بھی بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ سید علی گیلانی نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں اس وقت قابض بھارتی فورسز کا ظلم و ستم اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے جس کے باعث علاقے کی صورت حال روز بہ روز سنگین اور ابتر ہوتی جا رہی ہے ، بھارتی فورسز کی چیرہ دستیوں کے سبب کشمیری نوجوان سیاسی جدوجہد سے بددل ہو رہے ہیں، انھوں نے پلوامہ کے علاقے بمنو میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
سری نگر میں حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق کو بھارتی قابض فورسز نے ہراساں کرنا شروع کردیا جس پر پاکستان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ بدھ کواپنے بیان میں دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہاہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمرفاروق کے رشتے داروں کو ہراساںکرنے کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔ جھوٹے اور پرتشدد رویے سے کشمیری جدوجہدکوخاموش نہیں کرایا جاسکتا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment