جمعہ, 22 نومبر 2024


کابینہ نے 3 طلاقوں پر پابندی عائد کردی

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارتی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بیک وقت 3 طلاق دینے کو جرم قرار دینے کا بل منظور کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی کابینہ نے بیک وقت تین طلاقوں پر پابندی کا بل منظور کرلیا ہے، مجوزہ بل کے مطابق ایک ساتھ تین طلاق دینا ناقابل ضمانت جرم ہوگا اور ایسا کرنے والے کو تین سال قید کی سزا د ی جاسکے گی جب کہ متاثرہ خاتون علاقہ مجسٹریٹ سے اپنے اور بچوں کے تحفظ کی درخواست بھی کرسکتی ہے.
بھارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ کابینہ کی جانب سے منظور کئے گئے بل کو قانونی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، جہاں سے منظوری کے بعد یہ بل ملک بھر کے مسلمانوں پر لاگو ہوگا۔
دوسری جانب بل کی منظوری پر بھارتی مسلمان تنظیموں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلاق کے معاملے پر قانون سازی پرسنل لاء میں مداخلت ہے جوآئین کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بیک وقت 3 طلاقوں کو غیر قانونی اورآئین کے خلاف قرار دیا تھا تاہم بھارت کے علمائے کرام نے اس فیصلے پر اپنے تحفطات کا اظہار کیا تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment