ھفتہ, 23 نومبر 2024


برطانوی انتخابات، ووٹوں کی گنتی جاری، لیبرپارٹی سب سے آگے

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) برطانوی وزارت عظمٰی کا سہرا کس کے سر سجے گا فیصلہ آج ہو جائے گا، عام انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق لیبر پارٹی اور حکمران جماعت کنزرویٹوپارٹی کے درمیان مقابلہ سخت ہیں، وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون اپنےحلقے سے کامیاب ہوگئے۔

انتخابی نتائج کے مطابق نکولا اسٹرجن کی اسکاٹش نیشنل پارٹی ایک بڑی پارٹی کی حیثیت سےابھر کر سامنے آئی ہے، اسکاٹش نیشنل پارٹی کی کارکردگی نے نقادوں اورتجزیہ کاروں کو حیران کردیا ہے۔

ایڈ ملی بینڈ کی جماعت کو اسکاٹ لینڈ میں بھی جھٹکا لگا، وہاں اس کی حریف اور برطانیہ سے آزادی کی حامی کی اسکاٹش نیشنل پارٹی اب تک 54 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے، ان میں سے 40 ایسی نشستیں بھی ہیں جن پر گذشتہ الیکشن میں لیبر پارٹی جیتی تھیں

حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی بھی ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے۔

گزشتہ روز برطانیہ میں صبح سات بجے سے رات دس بجے تک پولنگ ہوئی تھی، پاکستانی وقت کے مطابق رات دوبجے پولنگ کا وقت ختم ہوا اور ایک گھنٹے بعد پہلا نتیجہ لیبرپارٹی کے حق میں آیا۔ ماہرین ایگزٹ پول کے نتائج کو حیران کن قرار دے رہے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے پول نتائج پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں لیبر پارٹی کے امیدوار اور سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کے صاحبزادے انس سرور کو بھی شکست ہوئی ہے جبکہ سکاٹش نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والی پاکستانی نژاد تسمینہ احمد شیخ پرتھ شائر سے کامیاب ہوگئی ہیں۔

برطانوی شہر بریڈفرڈ سے دو پاکستانی نژاد امیدوار عمران حسین اور ناز شاہ لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں۔ ناز شاہ نے رسپیکٹ پارٹی کے مشہور سیاست دان جارج گیلووے کو شکست دیدی ہے۔

اس کے علاوہ بولٹن سے یاسمین قریشی کو فتح حاصل ہوئی جبکہ لندن میں ٹوٹنگ کے علاقے سے لیبر پارٹی کے صادق خان دوبارہ دارالعوام کے رکن بننے میں کامیاب رہے ہیں۔ ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment